حکومتی اتحادیوں نے اہم تعیناتی کیلئے وزیراعظم کے فیصلے کی حمایت کردی

آپ وزیراعظم ہیں، آئین نے یہ اختیار اوراستحقاق آپ کو سونپا ہے، آپ جو بھی فیصلہ کریں گے ہم ڈٹ کرساتھ کھڑے ہوں گے۔ سربراہان اتحادی جماعتوں کا وزیراعظم شہبازشریف پر اعتماد کا اظہار

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت کے اتحادیوں نے اہم تعیناتی کیلئے وزیراعظم کے فیصلے کی مکمل حمایت کردی، اتحادی جماعتوں کے سربراہان نے کہا کہ آپ وزیراعظم ہیں ، آئین نے یہ اختیار اور استحقاق آپ کو سونپا ہے، آپ جو بھی فیصلہ کریں گے ہم ڈٹ کرساتھ کھڑے ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا، اجلا س میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور اہم تعیناتیوں سے متعلق مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کو اہم تعیناتیوں پر اعتماد میں لے لیا۔جیو نیوز کے مطابق اجلاس میں سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم جو بھی فیصلہ کریں گے ہم ساتھ کھڑے ہوں گے۔
اسلم بھوتانی نے کہاکہ ہم وزیراعظم کے آئین کے مطابق فیصلے کی تائید کریں گے۔ سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ آپ وزیراعظم ہیں ، آئین نے یہ اختیار اور استحقاق آپ کو سونپا ہے، سربراہ ق لیگ چودھری شجاعت نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو اس منصب پر بٹھایا ہے ، یہ آپ کا آئینی حق ہے۔

ڈاکٹر خالد مگسی نے کہا کہ آپ جو بھی فیصلہ کریں گے ہم آپ کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ میاں صاحب ہم ہر فیصلے میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اسی طرح ایم کیوایم کے مرکزی رہنماء خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وزیراعظم نے اہم تعیناتی کے معاملے پر ہم سے مشاورت کی آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ہمیں آپ پر مکمل اعتماد ہے یہ آپ کا آئینی حق ہے۔ یاد رہے وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل صبح بلا رکھا ہے۔کابینہ اجلاس سے قبل وزیراعظم نے اتحادیوں کا اجلا س بلایا ہے، اجلاس میں تعیناتیوں سے متعلق رولز میں ترامیم کی منظوری لی جائے گی، اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے متفقہ فیصلے کو کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں