حکومت نے عمران خان کیخلاف مقدمات کا لنڈا بازار لگا دیا،بابر اعوان

ساری سازشیں ہم ناکام بنائیں گے،ملک کو حقیقی آزادی دلانے کیلئے تاریخی لانگ مارچ کریں گے،رہنما تحریک انصاف

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے عمران خان کے خلاف مقدمات کا لنڈا بازار لگا دیا۔عمران خان دوتہائی اکثریت سے واپس آئیں گے،عمران خان نے ایک بار نہیں کہا کہ وہ باہر جا رہے ہیں اور ساری سازشیں ہم نے ناکام بنائیں۔ بابر اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے خلاف تمام مقدمات جھوٹے ہیں،پاکستان کو سیاست کی ٹیسٹنگ لیب نہ بنائیں۔
اب باپ بیٹی دونوں کہتے ہیں کہ سائفر ہے جبکہ لکھا ہوا بھی مان گئے۔قومی سلامتی کی کمیٹی میں سب نے کہا سائفر ہے اور سب نے کہا زبان مناسب نہیں۔ رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو حقیقی آزادی دلانے کے لئے تاریخی لانگ مارچ کریں گے،ہم لانگ واک ٹو فریڈم کریں گے اسکی کیا صورت ہوگی عمران خان بتائیں گے۔
قوم عمران خان کے ساتھ جاگی ہوئی ہے،سب سے بڑا عوامی اور جمہوری پر امن احتجاج کرنے جارہے ہیں۔

قبل ازیں سیشن عدالت میں عمران خان کی درخواستِ ضمانت پر سماعت ہوئی۔عدالت نے عمران خان کی 13 اکتوبر تک عبوی ضمانت کی درخواست منظور کر لی۔سیشن جج کامران بشارت نے 50 ہزار کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔خیال رہے کہ 20 اگست کو سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف اسلام آباد کے علاقے صدر کے مجسٹریٹ علی جاوید کی مدعیت میں تھانہ مارگلہ میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ 20 اگست کو پاکستان تحریک انصاف رہنما شہباز گِل کی گرفتاری کے خلاف عمران خان کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس کا راستہ زیرو پوائنٹ سے ایف 9 پارک تک تھا، اس دوران عمران خان کی تقریر شروع ہوئی جس میں انہوں نے اسلام آباد پولیس کے اعلی ترین افسران اور ایک معزز خاتون ایڈیشنل جج صاحبہ کو ڈرانا اور دھمکانا شروع کیا۔ریلی سے خطاب میں عمران خان نے اسلام آباد پولیس کے آئی جی اور ڈی آئی جی کے خلاف مقدمہ درج کرنی کے دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم تم کو چھوڑیں گے نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں