مریم نواز نے داماد کیلئے مجھ سے کوئی سفارش کی اور نہ ہی میں نے کوئی فیور دی

مریم نواز نے مجھ سے نہیں ڈاکٹر توقیر نے بات کی تھی، آڈیو لیکس میں کسی نے میری ہیروں اور کروڑوں کے لین دین کی بات سنی؟عمران خان نے ریاستی مشینری کا ناجائز استعمال کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ مریم نواز نے داماد کیلئے مجھ سے کوئی سفارش کی اور نہ ہی میں نے کوئی فیور دی، مریم نواز نے مجھ سے نہیں ڈاکٹر توقیر نے بات کی، آڈیو لیکس میں کسی نے میری ہیروں اور کروڑوں کے لین دین کی بات سنی؟عمران خان نے ریاستی مشینری کا ناجائز استعمال کیا۔ انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیلاب نے تباہی مچائی ہوئی ہے، دنیا کو باور کرایا کہ موسمیاتی تبدیلیوں میں ہمارا کوئی کردار نہیں ہے، کاربن پھیلانے والے ممالک میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، ہم نے یہ سارے مسائل کاایس سی او کانفرنس میں بھی اجاگر کیے، وہاں پر تمام ممالک نے پاکستان کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کرائی، نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہمارے دنیا کے ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں ہوئیں، ان کو بتایا کہ 16 سو سے زائد لوگ بچوں سمیت اموات ہوئیں، 30 ارب ڈالر نقصان ہوا، بائیڈن سمیت مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں، یواین اسمبلی میں سیلاب ، کشمیر ، فلسطین اور اسلامو فوبیا کے حوالے سے بھرپور پاکستان کا مئوقف پیش کیا، ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ جو نارواسلوک جاری ہے، بتایا کہ وہاں مسلمانوں کی زندگیاں کس قدر تنگ ہیں، کشمیر میں ظلم وستم جاری ہے، تمام پہلوؤں کے حوالے سے پاکستان کا بھرپور مئوقف پیش کیا، وزیرخارجہ اور شیری رحمان نے بھرپور معاونت کی، پاکستان تنہائی کے دور سے نکل آیا ہے، اس سے پاکستان کو بہت نقصان پہنچا، جس طرح پچھلی حکومت نے خارجہ پالیسی کا حلیہ بگاڑا اور دوست ممالک کو ناراض کیا، میں اس کا عینی شاہد ہوں، میں الفاظ کو دہرا نہیں سکتاکیونکہ وہ ریاست کے راز ہیں، اگر پتا چل جائے کہ وہ کس طرح پاکستان کے وزیراعظم کے بارے رائے رکھتے تھے تو آپ لوگوں کو پسینہ آجائے، عقل کُل ، آئن سٹائن سمجھتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پلے کچھ نہیں تھا اور دکھاوا اس طرح کرنا جس طرح آپ عالمی ہیں، ملک کی معیشت کا جنازہ نکال دیا، پھر آپ غیرملکی سربراہان سے اس طرح ملیں کہ جس طرح وہ آپ سے مانگنے آئے ہیں، ہم ایک نیوکلیئر طاقت ہیں، دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، لیکن پچھلی حکومت نے جس طرح معیشت کو تباہ کردیا، اس کی مثال نہیں ہے۔ ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بھاشن نہیں دیے جاسکتے۔
اگر پاکستان کو مضبوط کیا ہوتا تو پھر بھی دوسروں کے ساتھ عزت واحترام کے ساتھ بات کرنی چاہیے۔آڈیو لیکس ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، یہ ایک سکیورٹی لیپس ہے ، یہ ایک سوالیہ نشان ہے، کون پاکستان کے وزیراعظم سے وزیراعظم ہاؤس میں ملنے آئے گا ، وہ بات کرنے سے پہلے 100بار سوچیں گے، یہ وزیراعظم ہاؤس کی بات نہیں بلکہ ریاست کی عزت کی بات ہے، میں نے نوٹس لے رہا ہوں، ہائی پاور کمیٹی بنا رہا ہوں جو اس معاملے کی تہہ تک پہنچے گی۔
انہوں نے کہا کہ مریم نوازکے داماد نے آدھی مشینری عمران خان دور میں منگوائی تھی،مریم نواز نے مجھ سے کوئی بات نہیں کی بلکہ ڈاکٹر توقیر نے بات کی، تو میں کہا کہ میں مریم نواز سے خود بات کروں گا۔مریم نواز نے داماد کیلئے کوئی سفارش نہیں کی ، مریم نواز نے مجھ سے کوئی سفارش کی اور نہ ہی میں نے کوئی فیور کی۔کیا فون پر کسی نے ہیروں اور کروڑوں کے لین دین کی بات سنی۔
انہوں نے کہا کہ امریکا میں ہوٹل کے اخراجات میں کوئی خودنمائی نہیں ہے، مجھے پارٹی اور عوام نے تین مرتبہ پنجاب کا خادم منتخب کرایا، میں نے1997سے آج تک جتنے بھی غیرملکی دورے کیے تمام اخراجات اپنی جیب سے ادا کئے، میرے ساتھ سرکاری وفد بھی اکثر اخراجات اپنی جیب سے ادا کرتے ہیں، اللہ نے اگر آپ کو اتنی طاقت دی ہے تو قوم کی بجائے پیسے اپنی جیب سے ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے اقوام متحدہ کی ڈونرز کانفرنس کیلئے وزیرخارجہ سمیت ساری ٹیم پوری تیاری کررہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں