سیلابی صورتحال، عمران خان بھی متاثرین کے لیے فنڈ اکٹھا کریں گے

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سیلاب سے متعلق امدادی سرگرمیوں کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے ٹیلی تھون کریں گے۔اسد عمر کا ٹویٹ

اسلام آباد(ویب+ مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان بھی سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے فنڈ اکٹھا کریں گے۔اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سیلاب سے متعلق امدادی سرگرمیوں کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے ٹیلی تھون کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس متعلق تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

۔پی ٹی آئی سوشل میڈیا ہیڈ ارسلان خالد کے مطابق چئیرمین عمران خان کل لائیو ٹیلی تھون کے ذریعے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے فنڈ ریزنگ کریں گے۔ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں پی ٹی آئی حکومتیں جبکہ سندھ اور بلوچستان میں ایک معتبر میکینزم کے تحت ان فنڈز کو استعمال کیا جائے گا۔

جب کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق مون سون بارشوں کے ابتدائی سپیل نے صوبہ بلوچستان کو سب سے زیادہ متاثر کیا جبکہ حالیہ بارشوں نے جنوبی پنجاب اور سندھ میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے،سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور چھتیں گرنے سمیت دیگر واقعات میں اب تک ملک بھر میں 340 بچوں اور 211 خواتین سمیت 1003جاں بحق ہو چکے ہیں۔
نجی ٹی وی نے امدادی اداروں کی حاصل کردہ رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ سیلاب سے ملک بھر میں 320 دکانیں اور 139 بڑی مارکیٹیں تباہ ہو گئیں، ملک بھر میں بارش اور سیلاب سے ہلاک اور متاثر ہونے والے مویشیوں کی تعداد 15 لاکھ سے زیادہ ہو گئی۔قدرتی آفات سے نمٹنے کے ذمہ دار وفاقی اور صوبائی اداروں سے حاصل کئے گئے اعداد وشمار کے مطابق بارش اور سیلاب کے باعث ملک بھر میں تقریباً 2 کروڑ لوگ بے گھر ہو گئے ہیں، جبکہ 30 لاکھ متاثرین کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔
خیبرپختونخواہ کے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق خیبر پختونخوا ہ میں 187 افراد جاں بحق اور 320 زخمی ہوئے۔ خیبر پختونخوا ہ میں بارش اور سیلاب سے 122کلومیٹر سڑک، 17پل ، 126897گھر وں کو نقصان پہنچا جبکہ 2742مویشیوں کو نقصان پہنچا۔صوبہ خیبرپختونخوا ہ کے اضلاع ایبٹ آباد، باجوڑ، بونیر، ڈیرہ اسماعیل خان، ہنگو، ہری پوری، کرک، خیبر، کرم ، لوئر ، چترال، مردان، نوشہرہ، اپردیر، اپرکوہستان اور اپرچترال بارش اور سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ پنجاب میں 184جاں بحق ، 233زخمی ہوئے، صوبہ پنجاب میں بارش اور سیلاب سے 237کلومیٹر سڑک، شاہراہیں، 18پل ، 260دکانیں اور 264106گھر مکمل تباہ یا جزوی طور پر متاثر ہوئے۔صوبے کی302797مویشیوں بھی سیلاب سے متاثر ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں