ن لیگ کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتاریوں سے بچنے کیلئے محتاط رہنے کی ہدایت

لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کو گھروں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کروانے کا بھی کہہ دیا گیا ہے

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتاریوں سے بچنے کیلئے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ نجی نیوز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ مسلم لیگ ن نے رہنماؤں کو اپنے گھروں اور دفاتر پر سی سی ٹی وی کیمرے لگوانے کا بھی کہہ دیا۔ پارٹی کی جانب سے باقاعدہ ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن نے رہنماؤں اور کارکنوں کو کہا ہے کہ اگر پولیس گرفتاری کیلئے چھاپا مارے تو اہلکاروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بنائی جائے۔ اگر سی سی ٹی وی کیمرے نہ دستیاب ہوں تو پولیس چھاپے کی موبائل سے وڈیو لازمی بنائی جائے۔ پارٹی کی جانب سے یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ تمام رہنما اور کارکن اپنے اہلخانہ کو مسلم لیگ ن کی لیگل ٹیم سے رابطے کیلئے فون نمبرز فراہم کریں۔

ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے مزید بتایا گیا کہ پارٹی نے کہا ہے کہ لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کی صورت میں انکے اہلخانہ فوری لیگل ٹیم کو آگاہ کریں۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں 12 لیگی رہنماوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے جس کے بعد پولیس نے سیف الملوک کھوکھر سمیت دیگر رہنماوں کے گھروں پر چھاپے مارے تھے۔ لاہور کی مقامی عدالت نے لیگی رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔
پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کا مقدمہ 12 لیگی رہنماؤں کے خلاف درج کیا گیا۔ پولیس نے ہنگامہ آرائی کیس کے سلسلے میں وارنٹ گرفتاری کے لیے عدالت سے رجوع کیا،لیگی رہنماؤں پر اسمبلی میں توڑ پھوڑ،املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ مقدمے میں نامزد 12 لیگی رہنماؤں کے وارنٹ گرگرفتاری جاری کر دئیے گئے۔ پولیس نے لیگی رہنماؤں کی وارنٹ گرفتاری کے لیے درخواست دائر کی تھی،درخواست میں کہا گیا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش مکمل کرنی ہے۔ ملزمان دانستہ طور پر پیش نہیں ہو رہے،پولیس نے عدالت سے عطاء اللہ تارڑ، رانا مشہور اور اویس لغاری کی گرفتاری کی اجازت مانگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں