مفتاح صاحب اپنی ناکامیوں کا الزام پی ٹی آئی پر ڈالنے کے بجائے مسائل کو حل کریں،شوکت ترین

وفاق اگر کے پی کے حکومت کے خدشات دور کرتا تو تیمور جھگڑا آپ کو خط نہ لکھتے،سابق وزیر خزانہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے موجودہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو آڑے ہاتھوں لے لیا،شوکت ترین نے کہا ہے کہ مفتاح صاحب اگر آپ بجٹ سے اب تک کے پی کے حکومت کے خدشات کو دور کرتے تو تیمورجھگڑا آپ کو خط نہ لکھتے۔ شوکت ترین نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر کہا کہ شُتر مرغ نہ بنیں اور اپنی تمام ناکامیوں کا الزام پی ٹی آئی پر ڈالنے کے بجائے ان کو حل کریں۔
آپ کی ناکامیوں کو اب آپ کے اپنے ساتھی بھی اجاگر کر رہے ہیں،بہتر ہے کہ مسئلے کو حل کریں۔ سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں میں سیلاب نے تباہی مچا دی ہے،لاکھوں لوگ اپنے گھروں اور فصلوں سے محروم ہو چکے ہیں،مخیر حضرات کیلئے متاثرین تک دل کھول کر پہنچنے کا وقت ہے،ہمیں بحیثیت قوم اکٹھا ہونا چاہیے۔

ادھر تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے بھی مفتاح اسماعیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مفتاح اسماعیل کہہ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کی وجہ سے آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں ہو پا رہا،وہ ناکامی کا سارا ملبہ پی ٹی آئی پر ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کی مشہوری تو نوازشریف بیان کر رہے ہیں،مفتاح اسماعیل سے تو نواز شریف بھی خوش نہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے غیرقانونی نوٹس کے خلاف درخواست دائر کی ہے،پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن کمیشن کے جو فیصلے آرہے ہیں اس کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں۔ اسد عمر کا کہنا تھا الیکشن کمیشن چاہتا ہے کہ سیاہ کو سفید اور سفید کو سیاہ کرتا رہے اور ہم مانتے رہیں تو ایسا نہیں ہوگا،آئین واضح ہے الیکشن کمیشن عدالت نہیں ہے۔ سپر یم کورٹ یا ہائیکورٹ آرٹیکل 204 کے تحت کارروائی کرسکتی ہے،سیلاب کی صورتحال خراب ہے قوم کی اچھی بات یہ ہے کہ مشکل وقت میں اکٹھی ہو جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں