دہشتگردانہ ہتھکنڈے کامیاب ہوئے تو آمریت کے سیاہ دنوں میں لوٹ جائیں گے؛ عمران خان

حقیقی آزادی آزاد میڈیا اور آزادی اظہار کے بغیر حاصل نہیں ہو سکتی‘ اگلے ہفتے سے پاکستان بھر میں اپنی عوامی مہم کے دوران میڈیا کی آزادی اور اظہار رائے کی آزادی کا مسئلہ اٹھاؤں گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا ٹویٹ

اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر دہشت گردانہ ہتھکنڈے کامیاب ہوئے تو ہم آمریت کے سیاہ دنوں میں لوٹ جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں اپنی قوم کو ان میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں کے خلاف امپورٹڈ حکومت اور ریاستی مشینری کی بے مثال کریک ڈاؤن مہم سے خبردار کرنا چاہتا ہوں جو پی ٹی آئی اور میرے بیانیے کو عوام تک پہنچا رہے ہیں، جس کی وجہ سے 2 صحافی ارشد شریف اور صابر شاکر کو جان کے خوف سے پاکستان چھوڑنا پڑا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ عمران ریاض، سمیع ابراہیم، ایاز امیر جیسے دیگر صحافیوں کو دھمکیوں، پرتشدد حملوں اور گرفتاریوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، اگلے ہفتے سے پاکستان بھر میں اپنی عوامی مہم کے دوران میڈیا کی آزادی اور اظہار رائے کی آزادی کا مسئلہ اٹھاؤں گا۔

عمران خان نے کہا کہ اگر ہم ان دہشت گردی کے ہتھکنڈوں کو کامیاب ہونے دیتے ہیں، جو محض پی ٹی آئی اور مجھے نشانہ بنانے کے لیے بنائے گئے تھے، تو ہم آمریت کے سیاہ دنوں کی طرف لوٹ جائیں گے، جب نہ کوئی آزاد میڈیا تھا اور نہ ہی آزادی اظہار کی کوئی گنجائش تھی، حقیقی آزادی آزاد میڈیا اور آزادی اظہار کے بغیر حاصل نہیں ہو سکتی جیسا کہ ہمارے آئین میں ضمانت دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر عوام میں نکلنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ملک گیر جلسوں کا اعلان کر دیا، لاہور کے ہاکی اسٹیڈیم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام میں نکلنے کا فیصلہ کیا ہے، اگلے ہفتے پنڈی اورپھرکراچی میں جلسے کروں گا، زرداری بڑا لیٹرا ہے اس نے سندھ کی عوام کوغلام بنایا ہوا ہے، سندھ کے لوگوں میں آ رہا ہوں، پشاور، کوئٹہ، مردان، اٹک، ملتان، بہاولپور، سرگودھا، جہلم، گجرات، فیصل آباد والو تیار ہو جاؤ، حقیقی آزادی کی جنگ آخری اورفیصلہ کن مرحلے میں ہے ۔
عمران خان نے حکمراں اتحاد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نوازشریف، مریم نواز، مولانا فضل الرحمان، ایازصادق، خواجہ آصف جیسے افواج پر تنقید کرنے والے چوہے ہمیں آج غدار کہہ رہے ہیں، یہ کمپین چلا رہے ہیں تحریک انصاف فوج کے خلاف ہے، سوشل میڈیا پر لوگوں کو پکڑ کر کہا جا رہا ہے عمران خان کے خلاف بیان دو، میری تنقید تعمیری ہوتی ہے جس طرح ایک باپ اپنے بچوں کی اصلاح کرتا ہے، جن کا پیسہ اورسب کچھ باہر وہ مجھے غدارکہہ رہے ہیں، ملک کی سب سے بڑی جماعت کو فوج کے خلاف کھڑا کرنا ملک کے خلاف سب سے بڑی سازش ہے، یہ کیسے ہوسکتا ہے میں اپنے ملک کی فوج کو کمزور کروں، بیرون ملک سے اتنی سازشیں ہو رہی ہیں میں کبھی نہیں چاہوں گا فوج کمزور ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں