برسوں بعد پہلی مرتبہ سرکاری زرمبادلہ ذخائر 8 ارب ڈالرز کی سطح سے نیچے آ گئے

مرکزی بینک کے ذخائر 8 ارب 38 کروڑ ڈالرز سے کم ہو کر 7ارب 83 کروڑ ڈالر جبکہ ملک کے مجموعی ذخائر 14 ارب 20 کروڑ ڈالرز کی سطح سے گھٹ کر13ارب56کروڑ ڈالرز کی سطح پر آگئے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) برسوں بعد پہلی مرتبہ سرکاری زرمبادلہ ذخائر 8 ارب ڈالرز کی سطح سے نیچے آ گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سرکاری اور مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں تشویش ناک حد تک کمی ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کے زرمبادلہ ذخائر تقریباً 3 سال کی کم ترین سطح پر آ گئے ہیں۔ بیرونی قرضوں کی مد میں بھاری ادائیگیوں کے باعث ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر14ارب جبکہ مرکزی بینک کے ذخائر8ارب ڈالرز کی سطح سے گر گئے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق 5اگست کو ختم ہونے والے ہفتہ پر بیرونی قرضوں کی مد میں55کروڑ51لاکھ ڈالرز سے زائد کی ادائیگیوں کے باعث ملکی زرمبادلہ کے ذخائر14ارب20کروڑ ڈالرز کی سطح سے گھٹ کر 13 ارب 56 کروڑ ڈالرز کی سطح پر آگئے،اس دوران مرکزی بینک کے ذخائر8ارب38کروڑ ڈالر ز سے کم ہوکر7ارب83کروڑ جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 9 کروڑ ڈالرز کمی سے 5ارب73کروڑ8لاکھ ڈالرز کی سطح پر آگئے۔

تاہم دوسری جانب ملک کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق چند روز کے دوران انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 20 روپے کمی ہونے سے قرضوں کا حجم مجوعی طور پر 2320 ارب روپے کم ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملکی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر سستا ہونے کا سلسلہ جمعرات کے روز بھی جاری رہا۔ انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی قدر مزید 3 روپے 3 پیسے کم ہوکر 218 روپے 88 پیسے ہوگئی۔
اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کا ریٹ 217 روپے پر مستحکم رہا۔ واضح رہے کہ انٹربینک میں ڈالر چند ہی دنوں میں اپنی بلند ترین سطح سے 20 روپے سستا ہوچکا ہے، 28 جولائی کو ڈالر 239 روپے 94 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا، شہباز حکومت میں ڈالر 38 روپے 98 پیسے مہنگا ہوا، روپے کی قدر میں ساڑھے 17 فیصد کمی ہوئی۔ تاہم گزشتہ ہفتے سے پاکستانی روپیہ کی قدر میں بہتری کا سلسلہ شروع ہوا، جس کے بعد ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 8 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈکی جانب سے متوقع قسط کا اجرا سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور مارکیٹ کو درپیش بحران ختم ہو رہا ہے جبکہ آنے والے دنوں میں ڈالر کی قدر مزید گر سکتی ہے اور ڈالر 200 تک ٹریڈ کر سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں