عدالت نے پولیس کو شیخ رشید احمد کی گرفتاری سے روک دیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سربراہ عوامی مسلم لیگ کو کل ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے پولیس اور ایف آئی اے کو سابق وزیر داخلہ کو 25 مئی تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا

اسلام اباد ( نیوز ڈیسک ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کی گرفتاری سے روک دیا ۔ میدیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ سابق وزیر داخلہ کی جانب سے اسلام آباد لانگ مارچ سے قبل پولیس کے کریک ڈاؤن اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو ہراساں کرنے کے خلاف اپنے وکیل کے ذریعے درخواست دائر کرنے کے بعد سامنے آیا ، فیصلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے شیخ رشید کو کل ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے پولیس ، ایف آئی اے کو سابق وفاقی وزیر کو 25 مئی تک گرفتار کرنے سے روک دیا ۔
خیال رہے کہ پولیس نے شیخ رشید احمد کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر دو بار چھاپہ مارا ، اس دوران پولیس نے لال حویلی سے عوامی مسلم لیگ کے 6 کارکنان کو گرفتار کرلیا ، گرفتار نوجوان سے پارٹی جھنڈے اور موبائل فون قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ابھی 2 بجے لال حویلی پر پولیس کی بڑی تعداد نے دوبارہ ریڈ کیا ہے اور 6 بے گناہ افراد کو لال حویلی سے گرفتار کر کے اپنے ہمراہ لے گئے ، لال حویلی کے گردونواح میں وردی اور سفید کپڑوں میں پولیس کو تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ کل 2 بجے نکلنے والی آزادی مارچ ریلی کا راستہ روکا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں