سینیٹ الیکشن میں پی ڈی ایم امیدواروں کی جیت یقینی ہے، نوازشریف

اسلام آباد (جنرل رپورٹر) مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں پی ڈی ایم امیدواروں کی جیت یقینی ہے، پی ڈی ایم کی سینیٹ میں عددی اکثریت ہے، ن لیگ کے تمام سینیٹرزیوسف رضا گیلانی اور عبدالغفور حیدری کو ووٹ دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف اور صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی، اور عبدالغفور حیدری کی جیت پر بات چیت کی گئی، دونوں رہنماو ¿ں نے لانگ مارچ کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان کو یقین دہانی کروائی کہ مسلم لیگ ن کے تمام سینیٹرز یوسف رضا گیلانی اور عبدالغفور حیدری کو ووٹ دیں گے، مسلم لیگ ن بھرپور حمایت کرے گی، پی ڈی ایم کی سینیٹ میں عددی اکثریت ہے، سینیٹ الیکشن میں چیئرمین سینیٹ کیلئے یوسف رضا گیلانی کی جیت یقینی ہے۔
واضح رہے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے کل 12مارچ بروز جمعے کو پولنگ ہوگی، جس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کیا جائے گا ، پی ڈی ایم کی جماعتوں پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن ، جے یوآئی ف ، اے این پی ودیگر کے مشترکہ چیئرمین سینیٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی ، اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار عبدالغفور حیدری ہیں، جبکہ حکمران جماعت تحریک انصاف ، ق لیگ، بی اے بی، ایم کیوایم اور جے ڈی اے کے مشترکہ امیدوار صادق سنجرانی ہیں، تاہم حکومتی اتحاد نے ابھی تک ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے نام کو فائنل نہیں کیا۔سینیٹ میں تاحال اپوزیشن جاعتوں پی ڈی ایم کی عددی لحاظ سے اکثریت ہے جبکہ حکومتی اتحاد بھی آزاد اراکین کو ساتھ ملاکر الیکشن جیتنے کی پوری کوشش کررہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں