بھارت سے آنیوالی پرواز میں فنی خرابی ہونے پر کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

نئی دہلی سے قطر جانے والی پرواز غیرملکی پرواز کی ہنگامی لینڈنگ کے باعث ایئرپورٹ کا رن وے بلاک ہوگیا‘ پی آئی اے کے انجینئرز نے طیارے کی انسپیکشن کی

کراچی ( نیوز ڈیسک ) بھارت جانے والی پرواز میں فنی خرابی کی وجہ سے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے قائداعظم انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر قطرائیرویز کی بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی سے قطر جانے والی پرواز نے فنی خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کی ، جس کے بارے میں سول ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ قطر ایئرویز کی پرواز کیو آر579 نئی دلی سے دوحہ کے لئے شیڈول تھی تاہم دوران پرواز طیارے کے کپتان کو کارگو ہولڈ میں اسموک سگنل ملا جس کی وجہ سے طیارے کو ہنگامی طور پر کراچی ایئر پورٹ پر اتارا گیا تاہم غیرملکی پرواز کی ہنگامی لینڈنگ کے باعث ایئرپورٹ کا رن وے بلاک ہوگیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ طیارے میں عملے کے 12 اراکین سمیت 283 مسافر سوار تھے جن میں سے بیشتر مسافر بھارتی شہری ہیں ، طیارے کو رن وے نمبر ایک پر پارک کروانے کے بعد مسافروں کو ٹرانزٹ لاؤنج میں منتقل کردیا گیا اور طیارے کی انسپیکشن پی آئی اے کے انجینئرزکر رہے ہیں جب کہ ممکنہ طور پر مسافروں کو لے جانے کے لیے ایئرلائن کا دوسرا طیارہ آج کسی بھی وقت کراچی پہنچ جائے گا۔

دوسری طرف لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر غیر ملکی طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا ، غیر ملکی ایئر لائن کا طیارہ زیر تعمیر رن وے 18 لیفٹ پراترنے کیلئے اپروچ پر تھا ، رن وے 18مرمتی کام کی وجہ سے بند تھا ، جس کی وجہ سے اپروچ اور ٹاور پر تعینات ایئر ٹریفک کنٹرولر نے کپتان کو لینڈنگ کرنے سے فوری طور پر روکا ، اس وقت طیارہ زمین سے200 فٹ سے بھی کم بلندی پرتھا ، اچانک ایئر ٹریفک کنٹرولر نے فوری طور پر کپتان سے رابطہ کیا اور رہنمائی فراہم کی ، جس کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایت پر طیارے رن وے نمبر 18 رائٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں