تحریک انصاف نے اپوزیشن کے ساتھ ملنے والے منحرف اراکین کو شوکاز نوٹسز جاری کردیے

منحرف اراکین وزیراعظم کے سامنے پیش ہو کر وضاحت پیش کریں، شوکاز کا متن

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے اپوزیشن کے ساتھ ملنے والے منحرف اراکین کو شوکاز نوٹسز جاری کردیے ۔ تحریک انصاف کے 14 منحرف اراکین کو شوکازنوٹس جاری کیے گئے، میڈیا کے مطابق نوٹس نور عالم خان، افضل ڈھاندلا، نواب شیر وسیر، راجہ ریاض سمیت احمد حسین ڈیہر، رانا قاسم نون، غفار وٹو، باسط بخاری کو جاری کیا گیا۔
شوکاز کے متن کے مطابق منحرف اراکین کو وزیراعظم کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا، یہ بھی کہا گیا کہ ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو سے ثابت ہوگیا کہ آپ تمام لوگ پارٹی چھوڑ چکے۔ نوٹس میں کہا گیا کہ ارکان وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد لانے والی اپوزیشن سےمل چکے ہیں۔ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا تھا کہ کہ صبح کا بھولا اگر شام کو واپس آجائے تواسے بھولا نہیں کہتے، منحرف ارکان باطل کو رد کردیں جو پیسے لیے ہیں ان سے یتیم خانے کھول کرسیاسی یتیم ہونے سے بچیں، عدم اعتماد میں وزیراعظم کی فتح یقینی ہوگئی ہے۔

انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ منحرف اراکین ہوش کے ناخن لیں۔ ضمیر فروشی سے اپنی سیاست ہمیشہ کیلیے ختم کر رہے ہیں۔ صبح کا بھولا اگر شام کو واپس آجائے تواسے بھولا نہیں کہتے۔ ابھی کافی دن ہیں۔ عوام میں ذلت سے بہتر ہے۔ آئیں حق کے راستے پر آئیں۔ باطل! کو رد کردیں۔ پیسے لیے ہیں تو اسے یتیم خانے کھول دیں سیاسی یتیم ہونے سے بچیں۔
انہوں نے کہا کہ اب تو عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان کی فتح یقینی ہوگئی ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالا میں ہوئے سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ جیو ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس میں سیکرٹری جنرل عامر کیانی اور بابر اعوان کو منحرف اراکین کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہ ایسے اقدامات کریں گے کہ مستقبل میں کسی کو ہارس ٹریڈنگ کی جرات نہیں ہو گی۔انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا اعلان کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ 27 مارچ کے جلسے میں قوم تبدیلی کے ساتھ نظر آئے گی، یہ چاہے جتنا بھی پیسہ لگا لیں ، ان کا مقابلہ کروں گا۔وزیراعظم عمران خان نے یہ بھی کہا کہ یہ لوگ مائنس ون چاہتے ہیں،ایسا کسی صورت نہیں ہو سکتا

اپنا تبصرہ بھیجیں