حکومت اور اپوزیشن سے پھر اپیل ہے اپنے جلسے جلوسوں کو منسوخ کردیں، چودھری شجاعت

جلسے جلوسوں میں کوئی مرگیا یا مروا دیا گیا تو سب پچھتائیں گے، حکومت تو ہمیشہ جلسے جلوس رکواتی ہے، یہ پہلی بارہے کہ حکومت اور اپوزیشن ایک ہی ایشو پر جلسہ کررہے ہیں۔ سربراہ پاکستان مسلم لیگ ق کا بیان

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن سے اپیل ہے اپنے جلسے جلوسوں کو منسوخ کردیں، جلسے جلوسوں میں کوئی مر گیا یا مروا دیا گیا تو سب پچھتائیں گے ، حکومت تو ہمیشہ جلسے جلوس رکواتی ہے، یہ پہلی بارہے کہ حکومت اور اپوزیشن ایک ہی ایشو پر جلسہ کررہے ہیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ آج کل ٹی وی اور اخباروں میں آرہا ہے کہ نوٹوں کی بوریاں کھل گئی ہیں، حتیٰ کہ وزیراعظم نے بھی سندھ ہاؤس میں نوٹوں کی بوریوں کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ عدم اعتماد کی پہلی تحریک ہے جس میں کوئی ووٹ خرید رہا ہے اور نہ ہی بیچ رہا ہے،ووٹ کی خریدوفروخت محض پروپیگنڈا ہے، حکومت تو ہمیشہ جلسے جلوس روکنے کی کوشش کرتی ہے، یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن ایک ہی ایشو پر جلسہ کررہے ہیں، ایک بار پھر حکومت اور اپوزیشن سے اپیل ہے کہ اپنے جلسے ملتوی کردیں، اگر جلسے جلوسوں میں کوئی مر گیا یا مروا دیا گیا تو سب پچھتائیں گے۔

اپوزیشن بھی حکومتی اعلانات دیکھتے ہوئے ہی جلسوں کا اصرار کررہی ہے، وفاقی وزراء کہتے کہ 10 لاکھ کا مجمع گزر کر ووٹ ڈالنا ہوگا، جب کوئی ووٹ ڈالنے کا فیصلہ کرلے تو اسے 10 لاکھ تو کیا 10کروڑ کا مجمع بھی ووٹ ڈالنے سے نہیں روک سکتا۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان منحرف ارکان قومی اسمبلی کے خلاف احتجاج کیا، مشتعل ارکان نے سندھ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا، وہاں پر سندھ پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی، تاہم پی ٹی آئی کارکنان بیریئر کراس کرکے سندھ کے مرکزی گیٹ پر پہنچے اور گیٹ کو دھکے لاتیں مار کر گرا دیا، جس کے بعد کارکنان سندھ ہاؤس کے اندر داخل ہوگئے۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عطاء اللہ نیازی بھی تھے۔پی ٹی آئی کارکنان نے لوٹو کو باہر نکالو کے نعرے لگائے، پی ٹی آئی کے کارکنوں نے لوٹے اٹھا رکھے ہیں، سندھ ہاؤس کے اندر احتجاج اور نعرے بازی کی۔ ایم این اے عطااللہ خان نے کہا کہ منحرف ارکان عمران خان کی وجہ سے ایم این اے بنے، معافی مانگ کر واپس آئیں یا پھر مستعفی ہوجائیں، ایم این اے فہیم خان نے کہا کہ یہ ٹریلر ہے ورنہ گھروں میں گھسیٹ کر ماریں گے۔ وزیرداخلہ شیخ رشید کے احکامات ملنے کے فوری بعد اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی فہیم خان اور عطااللہ خان سمیت 12 کارکنان کو گرفتار کرلیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں