کارکنان کو سندھ ہاؤس کا گیٹ نہیں توڑنا چاہیے تھا: شہباز گل

اسلام آباد:(نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ سندھ ہاؤس واقعہ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان کو سندھ ہاؤس کا گیٹ نہیں توڑنا چاہیے تھا، سندھ پولیس کے ساتھ دھکم پیل کی وجہ سے واقعہ پیش آیا، یہ واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا، ہم اس وقت حکومت میں ہیں، ہر حال میں قانون کو فالو کرنا ہے۔

سندھ ہاؤس پر دھاوا بولنے اور گیٹ توڑنے کے واقعہ میں حراست میں لئے گئے پاکستان تحریک انصاف کے دو ارکان اسمبلی کو شہباز گل تھانے سے لے کر باہر آگئے۔

دونوں ایم این ایز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ راجہ ریاض کی اوقات کیا تھی اسے عمران خان کی وجہ سے لاکھوں ووٹ پڑے، ورکرز سے کہا ہے قانون کے دائرے میں احتجاج کرنا ہے، اب ہم چھانگا، مانگا نہیں چلنے دیں گے، اس دفعہ عوام نیوٹرل نہیں رہیں گے، قانون ہاتھ میں نہیں لیں، پرامن احتجاج ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، خرید و فروخت نہیں ہونے دیں گے، ہماری فوج ہمارے سر کا تاج ہے، پی ٹی آئی (ن) لیگ کی طرح کسی ادارے کو برا بھلا نہیں کہے گی، ہم مسلم لیگ (ن) کی طرح گھٹیا نہیں، پاکستان کے دفاع کے لیے فوج اور حکومت ایک پیج پر ہے، فوج کو ہرمعاملے میں نہ گھسیٹا جائے، ہم اس وقت حکومت میں ہیں اور ہر حال میں قانون کو فالو کرنا ہے۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ کسی بھی جماعت کے ورکرز کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ کرنا گھٹیا بات ہوتی ہے، ایک ورکر اگر گملا توڑے تو دہشت گردی نہیں ہوتی، ہمارے ورکرز نے اگر توڑ، پھوڑ کی تو انہیں تنبیہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بہت جلد قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں گے، ہم ان سے زیادہ پیسہ لگا سکتے ہیں، سندھ حکومت کے وسائل یہ لوگ استعمال کر رہے ہیں، ہم کوئی بھی غیر قانونی، غیر پارلیمانی کام نہیں کریں گے، ہم ان کی طرح خرید و فروخت نہیں کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں