تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر طلال گو پانگ بھی باغیوں میں شامل ہو گئے

عمران خان اور ان کی ٹیم نے ساڑھے تین سال میں کوئی کام نہیں کیا، تحریک عدم اعتماد والے دن قومی اسمبلی ضرور جاؤں گا اور اپنے ضمیر سے متعلق فیصلہ کروں گا۔عامر طلال گو پانگ کا بیان

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین -۔ 17 مارچ2022ء) تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر طلال گو پانگ بھی باغیوں میں شامل ہو گئے۔مظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والے عامر بلال گوپانگ نے حلفاَ ویڈیو بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے کسی سے ایک روپے نہیں لیا۔اس حوالے سے وزراء کی تمام باتیں بے بنیاد ہیں۔میں تحریک عدم اعتماد کے سلسلے میں جو بھی فیصلہ کروں گا اپنے ضمیر اور اپنی عوام کی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ساڑھے تین سال قبل جب تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی تو میرا خیال تھا کہ ہم لوگوں کے مسائل حل کریں گے، ان کی زندگیوں میں تبدیلی لائیں گے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ عمران خان اور ان کی ٹیم نے ساڑھے تین سال میں کوئی کام نہیں کیا۔

میں حلقے میں کسی کا بھی کوئی کام نہیں کروا سکا۔جب میں عوام کو مہنگائی میں پستے ہوئے دیکھتا ہوں تو بتائیں مجھے کیا فیصلہ کرنا چاہئیے۔

عامر طلال نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد والے دن قومی اسمبلی ضرور جاؤں گا اور اپنے ضمیر سے متعلق فیصلہ کروں گا۔

ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بہت سے ممبران قومی اسمبلی اب سندھ ہاؤس میں نہیں وہ کسی اور جگہ پر ہیں ، وہ عمران خان کے خلاف ہیں ، میں کوشش کررہا تھا کہ وہ بھی کیمرےپر بات کرلیں لیکن وہ تیار نہیں ہورہے، باقی ممبران کو تحفظ دینے کی کوشش کی جارہی ہے کیوں کہ وہ خوفزدہ نظر آرہے تھے ، اس دفعہ جو سندھ ہاؤس ، چک شہزاد اور ٹیکسلا میں بیٹھے ہیں انہوں نے پیسے کی بجائے بارگین کی ہے کہ وہ اگلے الیکشن میں (ن) لیگ ، پی پی پی ، (ق) لیگ اور جے یو آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں