فلم انڈسٹری کے باکمال اور صاحبِ طرز اداکار محمد علی کی 16ویں برسی کل (ہفتہ کو)منائی جائیگی

لاہور (شوبزڈیسک) پاکستان فلم انڈسٹری کے باکمال اور صاحبِ طرز اداکار محمد علی کی 16ویں برسی ( ہفتہ )کومنائی جائے گی ،فلم نگری پر تین دہائیوں سے زائد عرصے تک راج کرنے والے محمد علی کو شہنشاہِ جذبات بھی کہا جاتا ہے۔محمد علی 19 اپریل 1931 کو پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد سید مرشد علی امام مسجد تھے۔ قیامِ پاکستان کے بعد ان کے خاندان نے ہجرت کرکے پہلے ملتان اور پھر حیدرآباد میں سکونت اختیار کی ۔
محمد علی نے سٹی کالج حیدرآباد سے انٹرمیڈیٹ کا امتحان پاس کیا۔ ان کے بڑے ارشاد علی ریڈیو پاکستان سے بطور براڈ کاسٹر وابستہ تھے۔ انہی کے توسط سے محمد علی کو ریڈیو پاکستان کے مختلف ڈراموں میں کام ملا۔1960 کی دہائی کے آغاز پر محمد علی کو ہدایت کار قمر زیدی نے اپنی فلم آنکھ اور خون میں کاسٹ کیا، لیکن یہ فلم مکمل نہ ہوسکی۔

1962 میں فلم چراغ جلتا رہا ریلیز ہوئی جس میں محمد علی نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

یہ ان کی پہلی فلم تھی جبکہ بطور ہیرو پہلی نمائش پذیر فلم شرارت تھی۔ اس فلم کے ہدایت کار رفیق رضوی تھے۔ اس سے قبل محمد علی مسٹر ایکس نامی جاسوسی فلم میں ہیرو کے طور پر کام کرچکے تھے لیکن اس کی نمائش تاخیر سے ہوئی اور یوں پہلی بار شائقین نے انہیںفلم شرارت میں ہیرو کے روپ میں دیکھا تھا۔خاموش رہو وہ فلم تھی جس نے محمد علی کو شہرت اور مقبولیت دی۔
اس فلم نے انہیںمصروف ترین اداکار بنا دیا۔ ان کی کئی فلمیں نمائش پذیر ہوئیں۔ محمد علی نے اداکارہ زیبا سے شادی کی اور دونوں نے فلم نگری میں عزت، وقار اور نام و مقام پایا۔ محمد علی اور زیبا کی مشترکہ فلموں کی تعداد 70 ہے جن میں پچاس سے زائد فلموں میں وہ ہیرو، ہیروئن کے طور پر نظر آئے۔ محمد علی نے مجموعی طور پر 268 فلموں میں کام کیا جن میں اردو فلموں کی تعداد 251 تھی۔
لیجنڈ اداکار محمد علی نے مجموعی طور پر 9 نگار ایوارڈ بھی اپنے نام کیے۔جذباتی مکالمات کی ادائیگی، آواز کا اتار چڑھائو اور تاثرات پر کمال دسترس اور حقیقت سے قریب تر اداکاری محمد علی کو اپنے زمانے کے اداکاروں میں ممتاز کرتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہیںایشیا میں سلور اسکرین کے عظیم فن کاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔محمد علی کو ان کی شاندار پرفارمنس اور بے مثال اداکاری پر حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ حسن کارکردگی اور تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں