پی ڈی ایم اجلاس، 26 مارچ کو کراچی سے لانگ مارچ کے آغاز پر غور

پی ڈی ایم اجلاس، 26 مارچ کو کراچی سے لانگ مارچ کے آغاز پر غور

حکومت مخالف اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا سربراہ اجلاس جاری ہے جس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدواروں کا اعلان متوقع ہے، اجلاس میں سفارش کی گئی ہے کہ لانگ مارچ 26 مارچ کو کراچی سے ایک عوامی اجتماع کیساتھ شروع ہو۔

اسلام آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی کی میزبانی میں پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہورہا ہے جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک سمیت لانگ مارچ کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا جارہا ہے۔

کمیٹی نے اجلاس میں سفارش کی ہے کہ لانگ مارچ 26 مارچ کو کراچی سے ایک عوامی اجتماع کیساتھ شروع ہوگا، تمام جلوس 30 مارچ کی سہ پہر 3 بجے تک اسلام آباد پہنچیں گے، تمام جماعتیں زیادہ سے زیادہ افراد کو لانے کیلئے متحرک ہوں۔

کمیٹی کی سفارش کے مطابق شرکاء کے استقبال کیلئے فیض آباد پر مرکزی کیمپ لگایا جائے گا، روات چوک، 26 نمبر چونگی، اور بھارہ کہو میں کیمپ لگایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں اپنے جلوسوں کو الگ الگ منظم کریں گی، تمام جماعتیں اپنے اخراجات برداشت کریں گی۔

کمیٹی کی سفارش میں شامل ہے کہ پی ڈی ایم کی سینئر قیادت کو فوری چاروں صوبوں کا دورہ کرنا چاہیے، لوگوں کو متحرک کرنے کیلئے ایک مشترکہ نظم تیار کیا جائے، لانگ مارچ کیلئے مختلف کمیٹیاں فوری طور پر تشکیل دی جائیں۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ مختلف کمیٹیوں میں کنٹرول روم، میڈیا اور تشہیر، استقبالیہ کمیٹی شامل ہو، سیکیورٹی، سہولیات، لیگل، فنانس، پروگرام، فوڈ اور میڈیکل کمیٹیز بنائی جائیں، دھرنے کے مقام پر شرکا کے پہنچنے سے قبل انتظامات کیے جائیں۔

کمیٹی نے اجلاس میں سفارش کی ہے کہ دھرنا اس وقت تک جاری رہےگا جب تک کہ مقصد حاصل نہیں ہوتا، تاجروں، کسانوں اور مزدور یونینوں سے رابطہ کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ پی ڈی ایم اجلاس میں کراچی میں ضمنی الیکشن سے متعلق نون لیگ اپنی تجاویز بھی دے گی۔

واضح رہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اپوزیشن اتحاد کا اہم اجلاس طلب کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں