سونے کی درآمد میں 147 فیصد سے زائد کا اضافہ

ایک جانب ملک میں شدید مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کررکھا ہے تو وہیں رواں مالی سال سونے کی درآمد میں 147 فیصد سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔

اسلام آباد(کامرس ڈیسک) وفاقی ادارہ شماریات کے ،مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ (جولائی 2021 سے جنوری 2022) کے دوران ایک کروڑ 17 لاکھ ڈالرز سے زائد مالیت کا سونا درآمد کیا، گزشتہ سال اسی دورانیے میں 47 لاکھ ڈالرز مالیت کا سونا درآمد کیا گیا تھا۔
مقدار کے لحاظ سے رواں مالی سال کے اسی دورانیے میں 195 کلو سونا بیرون ملک سے منگوایا گیا جب کہ گزشتہ برس 77 کلو سونا درآمد کیا گیا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال سونے کی درآمدات کا حجم گزشتہ مالی سال کے اسی دورانیے کے مقابلے میں 147.88 فیصد زیادہ ہے۔
سالانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جائے تو جنوری 2022 میں سونے کا درآمدی حجم گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 392 فیصد زیادہ رہا ہے۔ جنوری 2021 میں صرف ساڑھے 3 لاکھ ڈالرز کا سونا درآمد کیا گیا تھا جب کہ جنوری 2022 میں 17 لاکھ ڈالرز سے زائد کا سونا درآمد کیا گیا۔
سونے کی درآمد کا ماہانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جائے تو دسمبر 2021 کے مقابلے میں جنوری 2022 میں 48 فیصد زائد مالیت کا سونا درآّمد کیا گیا۔
جنوری 2022 میں 27 کلو گرام سونا بیرون ملک سے منگوایا گیا جب کہ دسمبر 2021 میں 5 کلو سونا قانونی طریقے سے پاکستان میں لایا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں