صحافی اطہر متین کا مبینہ قاتل بلوچستان سے گرفتار

4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا، قاتل گینگ کا سرغنہ کھنڈ کے علاقے میں پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہو گیا

کراچی (کرائم ڈیسک) : بلوچستان کے ضلع خضدار میں پولیس و حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں قتل ہونے والے صحافی اطہرمتین کے مبینہ قاتل کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس اور حساس اداروں نے خضدار کے علاقہ کھنڈ اور کھٹان میں چھاپے مارے اور خاتون کے لباس میں فرار ہونے کی کوشش کرنے والے مبینہ قاتل عابدامین کو گرفتار کر لیا۔
کراچی پولیس اور حساس اداروں نےعابدامین سمیت 4 افراد کو حراست میں لیا جب کہ قاتل گینگ کا سرغنہ کھنڈ کے علاقے میں پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ خیال رہے کہ قبل ازیں صحافی اطہر متین کے قاتلوں کا سراغ لگانے کے لیے پولیس نے جیو فینسنگ کے عمل کا آغاز کیا تھا، پولیس نے واقعہ کے قریب لگے سی سی ٹی وی کی فوٹیجز حاصل کرکے ملزمان کے فرار کا روٹ میپ بھی تیار کیا تھا۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز صحافی اطہر متین کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے بڑی تعداد میں مرد اور خواتین صحافیوں نے آج پولیس آفس کے سامنے دھرنا دیا، جس میں اطہر متین کی بیٹی اور بھائی نے بھی شرکت کی تھی۔ صحافیوں نے کراچی پولیس چیف کے دفتر کے سامنے دھرنا دیا، اور شاہراہ فیصل پر بھرپور احتجاج کیا۔ احتجاج میں اطہر متین کے ورثا سمیت سول سوسائٹی کے نمائندہ افراد نے بھرپور شرکت کی، اور یک زبان ہو کر سندھ حکومت اور سندھ پولیس سے مطالبہ کیا کہ اطہر متین کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔
حتجاج کے بعد صحافیوں نے پولیس چیف کے دفتر کے باہر دھرنا پرامن طریقے سے ختم کر دیا۔ مقتول اطہر متین کی بیٹی رمیسہ نے اور بھائی طارق متین نے بھی دھرنے میں شرکت کی، بیٹی رمیسہ نے کہا میں اپنے والد کے قاتلوں کی گرفتاری مطالبہ کرتی ہوں، ملزمان کو گرفتار کرکے عبرت کا نشان بنایا جائے، مجھے اعلیٰ اداروں سے صرف انصاف چاہیے، آج میرے بابا گئے کل کسی اور کے بابا ہو سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں