جس معاشرے سے تنقید ختم ہوجائے وہاں اصلاح ختم ہوجاتی ہے، سعید غنی

سعید غنی نے کہا ہے کہ جس معاشرے سے تنقید ختم ہوجائے وہاں اصلاح ختم ہوجاتی ہے۔

کراچی(نیوز ڈیسک)وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پیکا آرڈیننس کے تحت میڈیا کی آواز کو دبانا غیر جمہوری عمل اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیکا آرڈیننس شدت پسندی اور آمرانہ ذہنیت کا عکاس ہے، اس کا مقصد آزادی اظہار رائے پر یقین رکھنے والوں کا گلا گھونٹنا ہے، ایسے اقدامات دور آمریت میں بھی دیکھنے میں نہیں آئے۔
سعید غنی نے کہا ہے کہ جھوٹی خبروں کی روک تھام کی آڑ میں میڈیا پر قدغن اور آزادیِ اظہار و صحافت کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، آئین ہر شہری کو حکومتی کارکردگی پر اپنی رائے قائم کرنے اور اس کے اظہار کا حق دیتا ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ جس معاشرے سے تنقید ختم ہوجائے وہاں اصلاح ختم ہوجاتی ہے، پیکا آرڈیننس جیسے اقدام پاکستانی معاشرے کی نشو و نما میں رکاوٹ بن جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آزادی اظہار اور صحافت کا گلا دبانے سے باز رہے اور متنازع آرڈیننس کو فوری طور واپس لیا جائے، پیکا آرڈیننس کے خلاف ہر فورم پر مزاحمت کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں