’’ارطغرل غازی‘‘ کی’ ’گوکچہ خاتون‘‘ کے شوہر کا طلاق کیلئے عدالت سے رجوع

استنبول کی مقامی عدالت نے دونوں کے درمیان کشیدہ معاملات کی تفتیش شروع کردی

استنبول (شوبز ڈیسک) پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر اختتام پذیر ہوجانے والے ترکی کے شہرہ آفاق ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ میں ’گوکچہ خاتون‘ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ بورجو کیراتلی کے شوہر نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔بورجو کیراتلی نے گزشتہ برس فروری میں دیرینہ دوست اور پہلے شوہر رہنے والے گلوکار سنان اکسل سے دوسری بار شادی کی تھی۔

تاہم اب ایک بار پھر دونوں کے درمیان شادی کے ایک سال بعد اختلافات کی خبریں سامنے آئی ہیں اور اطلاعات ہیں کہ اداکارہ کے شوہر نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔ترک خبر رساں ادارے ’حریت‘ نے اپنی رپورٹ میں ذرائع سے بتایا کہ گلوکار و اداکار سنان اکسل نے استنبول کی فیملی کورٹ میں طلاق کے لیے درخواست دائر کردی۔

گلوکار نے طلاق کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے درمیان شوہر اور بیوی والے معاملے نہیں رہے، اس لیے اب وہ طلاق کے خواہاں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گلوکار سنان اکسل نے عدالت سے طلاق کی دیگر وجوہات خفیہ رکھنے کی اپیل بھی کی۔سنان اکسل کی جانب سے طلاق کی درخواست دائر کرنے کے بعد استنبول کی مقامی عدالت نے دونوں کے درمیان کشیدہ معاملات کی تفتیش شروع کردی ہے، جس کے بعد عدالت اپنا فیصلہ سنائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں