اسٹیبلشمنٹ عمران خان کے ساتھ ہے: شیخ رشید

اسٹیبلشمنٹ عمران خان کے ساتھ ہے: شیخ رشید

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ وزیرِ اعظم عمران خان کے ساتھ ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کو اعتماد کا ووٹ دینے کے لیے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے۔اس موقع پر شیخ رشید نے ’جیو نیوز‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے دونوں حضرات سے ملاقات ہوئی ہے، باجوہ صاحب کےالفاظ دہراتاہوں کہ ’جو بھی منتخب حکومت ہو گی پاک فوج اس کے ساتھ ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل کی ذیلی شق 7 بہت بڑا آرٹیکل ہے، آج اپوزیشن کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہونا چاہیئے تھا۔

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ لوگوں میں جرأت ہونی چاہیئے سر عام کہنا چاہیئے کہ میں نے ووٹ نہیں دینا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ آج کی جیت کے بعد عمران خان نئی سیاسی زندگی کا آغاز کریں گے، یہ جمہوریت کا حسن ہے کہ عمران خان نے اعتماد کے ووٹ کے لیے اتنی جلدی فیصلہ کیا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کارکنان وزیرِ اعظم عمران خان سے اظہارِ یک جہتی کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ رہے ہیں، جبکہ پارلیمنٹیرینز کی پارلیمنٹ آمد کا سلسلے بھی جاری ہے، سوا 12 بجے دن قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہو گا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں آج صبح مشترکہ ناشتے کا اہتمام کیا گیا، جس میں وزیرِ اعظم عمران خان بھی شریک ہوئے۔

وفاقی کابینہ کے ارکان، پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے تمام ارکانِ قومی اسمبلی کے علاوہ اتحادی جماعتوں کے ارکان بھی پی ٹی آئی ارکان کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والے ناشتے میں شریک ہوئے۔

اتحادی جماعتوں مسلم لیگ ق، بلوچستان عوامی پارٹی، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کے اراکین کو ناشتے کی دعوت دی گئی تھی۔

ایم کیو ایم کے ارکان ناشتے کے لیے ایک ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں ناشتے کی بیٹھک میں حکومت و اتحادی مشترکہ حکمتِ عملی طے ہوئی۔

وزیرِ اعظم عمران خان کے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس پر سیکیورٹی کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں