پی ایس ایل ملتوی جس ہوٹل میںکرکٹرزکو ٹھہرایا گیا وہاں کونسی تقریبات ہوتی رہیں ؟ نجی ٹی وی کا تہلکہ خیز دعویٰ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نجی ٹی وی اے آر وائے نیوز نے دعویٰ کیاہے کہ پاکستان سپر لیگ میں شامل تما م کھلاڑیوں کو کراچی کے ہوٹل میں ٹھہرایا گیا لیکن وہاں پروٹوکولز کی سخت خلاف ورزی دیکھنے میں آئی جبکہ ہوٹل میں شادی کی نجی تقریبات بھی ہوتی رہیں اور کھلاڑی سمیت دیگر لوگ ایک ہی لفٹ استعمال کرتے رہے ۔ پروٹوکولز کی خلافورزی کے باعث کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئیں ۔ نجی ٹی وی کا مزیدکہناتھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کچھ کھلاڑیوں کی جانب سے بائیو سیکیو ر ببل کی خلاف ورزی کی جاتی رہی جبکہ

مختلف ٹیمز کے کھلاڑیوں کی فیملیز بھی بائیو سیکیور ببل میں آتی جاتی رہیں ۔اس سے قبل  پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیموں کے مالکان کے درمیان ایک ورچوئل میٹنگ ہوئی جس میں پی ایس ایل کو فوری طورپر ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کا پی سی بی نے باضابطہ اعلان کردیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث ایونٹ کو فوری طور پر غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیا ہے۔پاکستان سپر لیگ میں اب تک کورونا کے 7 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے کراچی کنگز کے کھلاڑی ڈین کرسٹین بھی پی ایس ایل کو چھوڑ چکے ہیں جس کی تصدیق پی سی بی کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے ہوا تھا اور ایونٹ میں اب تک 14 میچزکھیلے جاچکے ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے 4، لاہور قلندرز کا ایک اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ایک کھلاڑی اور ایک آفیشل کے اب تک کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن بھی کورونا کی وبا کی وجہ سے ملتوی کیا گیا تھا تاہم پانچویں ایڈیشن میں کسی کھلاڑی یا آفیشل میں کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں