انتہا پسندی سمیت تمام مسائل کا خاتمہ جزا اور سزا کے نظام سے ہی ممکن ہے، گورنر پنجاب

لاہور (نیوز ڈیسک) :گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ انتہا پسندی سمیت تمام مسائل کا خاتمہ جزا اور سزا کے نظام سے ہی ممکن ہے۔ جب قانون توڑنے والوں کو سالوں مہینوں نہیں دنوںمیں سزا ہوگی تو پھر ملک میں کوئی انتشار اور فساد کی کوشش نہیں کرے گا۔ ٹی ایل پی کے ساتھ اتحاد کے معاملے پر پارٹی اور حکومتی ترجمان ہی بتا سکتے ہیں۔
بھارت دنیا میں اتنے کامیاب طریقے سے جھوٹ بولتا ہے کہ لوگ انہیں سچ سمجھنے لگتے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ بھارت کشمیریوں اور بھارتی مسلمانوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا ہے۔وہ بدھ کو مقامی ہوٹل میں تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا کہ برطانیہ میں چند سال پہلے کچھ لوگوں نے امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کی جس کے بعد عدالتوں نے چوبیس چوبیس گھنٹے عدالتی کاروائی چلائی اور ذمہ دار لوگوں کو نشانہ عبرت بنایا۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی اگر ایک بار ایسا ہوجائے تو پھر کسی کو قانون ہاتھ میں لینے اور توڑ پھوڑ کی جرات نہیں ہوگی۔اُنہوں نے کہا کہ ملک میں انتہا پسندی سمیت دیگر مسائل کے خاتمے کے لئے آئین اور قانون کی حکمرانی ضروری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری محمد سرورنے کہا کہ ٹی ایل پی اور حکومت کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا میں حصہ نہیں تھا اس لئے مذاکرات میں کن باتوں پر اتفاق ہوا ان کے بارے میں نہیں جانتا ۔
اُنہوں نے کہا کہ جہا ں تک سینیٹر اعجاز احمد چوہدری کے ٹی ایل پی سے اتحاد کے معاملے کا تعلق ہے تو اس کے بارے میں اعجاز چوہدری یا حکومتی ترجمان ہی بتاسکتے ہیں کیونکہ میرے پاس پارٹی کا کوئی عہدہ اور تر جمانی نہیں ہے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ مجھے بہت تکلیف ہوتی ہے جب دنیا میں لوگ بھارت کے جھوٹ کو سچ سمجھنے لگتے ہیں حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت سے بڑا کوئی اور دہشت گرد نہیں جو کشمیر میں نسل کشی جیسے جرائم کررہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ دنیا کو بھی جھوٹ کو سچ سمجھنے کی بجائے حقیقت کو دیکھ لینا چاہئے اور بھارت کی جانب سے کشمیریوں سمیت دیگر پر کیے جانے والے مظالم کے خاتمے کے لئے کردار ادا کرنا چاہئے ۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت کے عزائم کو ناکام بنانے کے لئے پاکستان کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں سمیت ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ کشمیر آج بھی پاکستان کی شہ رگ ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ انشا اللہ وہ وقت ضرور آئے گا جب کشمیر آزاد ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں