پاکستان پوسٹ:ڈیڑھ کروڑ کے پنشن سکینڈل کی تحقیقات کاحکم

84 پنشن اکائونٹس سے ایک کروڑ58لاکھ مشکوک دستخطوں سے نکلوائے گئے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ نے 84 ملازمین کی ایک کروڑ 58 لاکھ 44 ہزار روپے کی پنشن غیر قانونی طریقہ سے نکلوانے کی تحقیقات کے احکامات دے دیئے ہیں۔ آڈیٹر جنرل نے پاکستان پوسٹ کے مالی سال 2020-21 کے آڈٹ میں اس معاملے کی نشاندہی کی ہے ۔ آڈیٹر جنرل کے اعتراض کے بعد ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ خالد جاوید نے تحقیقات کے احکامات دیئے ہیں۔ آڈیٹر جنرل کی جانب سے پنشن کے حسابات کا جائزہ لینے کے دوران معلوم ہوا ہے کہ جنرل پوسٹ آفس سرگودھا کے ماتحت ڈاک خانوں سے 84 پنشن اکائونٹس سے ایک کروڑ 58 لاکھ 44 ہزار 396 روپے نکلوائے گئے ہیں اور رقم جمع کرنے اور نکلوانے والی سلپ پر کئے گئے دستخط پنشنرز کے نمونہ دستخط سے مطابقت نہیں رکھتے جس سے معاملہ مشکوک ہوا ہے کہ رقم فراڈ کے ذریعے نکالی گئی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں