جس معاملے کو بھی اٹھائیں نیچے سے کرپشن کے پہاڑ نکلتے ہیں ، فواد چوہدری

شریف فیملی نے سڑکوں کو بڑا کاروبار بنایا، جب موٹروے بن رہی تھیں نواز شریف فیملی اس وقت لندن میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹس خرید رہی تھی، شہباز شریف کے 25 ملین ڈالر چپڑاسیوں کے اکاؤنٹس سے آئے۔ وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس

اسلام آباد (حالات نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جس معاملے کو اٹھاتے ہیں نیچے سے کرپشن کے پہاڑ نکلتے ہیں ، شریف فیملی نے سڑکوں کو بڑا کاروبار بنایا ، شہباز شریف کے 25 ملین ڈالر چپڑاسیوں کے اکاؤنٹس سے آئے ، شریف اور زرداری فیملی نے پیسہ پاکستان سے لیا اور اسے باہر منتقل کیا، انہوں نے لندن اور فرانس میں اربوں روپے ابھی بھی چھپائے ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور اسلام آباد موٹر وے 60ارب روپے کی لاگت سے بنائی گئی ، یہ رقم باہر سے قرضوں کی شکل میں آرہی تھی، موٹروے کی صرف سود کی رقم 2 ارب ڈالر دی گئی ، جب موٹروے بن رہی تھی نواز شریف فیملی اس وقت لندن میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹس خرید رہی تھی ، یہ پیسہ کہاں سے آرہا تھا؟ عمران خان موٹر وے کے نہیں بلکہ اس میں ہونے والی کرپشن کے خلاف تھے کیوں کہ شریف فیملی نے سڑکوں کو بڑا کاروبار بنایا، ورنہ اس سے انکار نہیں کہ موٹرویز اور سڑکوں سے ہی ترقی ہوتی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے نام پر لیا گیا قرضہ باہر لے جایا جاتا رہا، شریف اور زرداری فیملی نے پیسہ پاکستان سے لیا اور اسے باہر منتقل کیا، انہوں نے لندن اور فرانس میں اربوں روپے ابھی بھی چھپائے ہوئے ہیں، 10 سال میں شریف اور زرداری خاندان نے ملک کا قرضہ دگنا کردیا، ہم نے تین سال میں دس ارب ڈالر قرض واپس کیا ہے، ابھی بھی پاکستان پر قرضوں کے پہاڑ موجود ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ ہم مافیا سے مقابلہ کررہے ہیں، عوام کی کرپشن سے قومیں تباہ نہیں ہوتی، کابینہ ارکان کرپشن میں پڑ جائیں تو قومیں تباہ ہوتی ہیں ، جس معاملے کو اٹھاتے ہیں، اس کے نیچے کرپشن کے پہاڑ کھڑے ہوتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں