13

آرٹس کونسل میں یوم دفاع پاکستان کی تقریب، موسیقی و تھیٹر پرفارمنس کا انعقاد

آرٹس کونسل میں یوم دفاع پاکستان کی تقریب، موسیقی و تھیٹر پرفارمنس کا انعقاد

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے ملی جوش و جذبے سے بھرپور تقریب کا انعقاد کونسل کے آڈیٹوریم میں کیا گیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل افتخار حسن چوہدری تھے، اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، اراکین گورننگ باڈی سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے پروگرام میں شرکت کی۔ 

اس موقع پر 1965ء کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کو آرٹس کونسل میوزک اکیڈمی کے طلباء اور معروف گلوکار اُستاد غلام عباس، گلوکارہ بانو رحمت، ارمان رحیم اور احسن باری نے زبردست طریقے سے خراجِ عقیدت پیش کیا۔

گلوکاروں کے حب الوطنی سے بھرپور نغموں نے شرکا میں جوش و ولولہ پیدا کردیا، اس موقع پر آرٹس کونسل تھیٹر اکیڈمی کے طلباء نے ڈائریکٹر میثم نقوی کی نگرانی میں میجر عزیز بھٹی شہید کی جدوجہد پر مبنی تھیٹر ”بیٹل آف برکی“ پیش کیا، جس کے ہدایت کار عازب خان اور عبید اقبال تھے۔

فنکاروں کی شاندار اداکاری کو سراہتے ہوئے ڈی جی رینجرز میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے کہا کہ آرٹس کونسل کراچی میں یوم دفاع پاکستان جس خوبصورت انداز سے منایا گیا اس سے بہتر پروگرام ہو ہی نہیں سکتا تھا۔

آرٹس کونسل میں ہونے والی پرفارمنس کا ایک ایک لفظ وطن کی محبت میں ڈوبا ہوا تھا، تھیٹر اکیڈمی اور میوزک اکیڈمی کے طلبا کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نوجوان نسل نے پاکستان بنتے نہیں دیکھا، آنے والی نسلوں کے لیے یہ جاننا بے حد ضروری ہے کہ پاکستان کتنی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم جتنے بھی مختلف ہوں پاکستان کا جھنڈا اور پاکستان کا نام ہمیں ایک کرتا ہے، اللہ کا شکر ادا کریں کہ آبا و اجداد کی قربانیوں سے یہ خطہ ہمیں ملا، مادر وطن کی شان بڑھانے کے لیے ہر کوئی اپنا اپنا کام کر رہا ہے۔

تقریب کے اختتام پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے ڈی جی رینجرز کو گلدستہ پیش کیا جبکہ سیکریٹری آرٹس کونسل پروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے ڈی جی رینجرز افتخار حسن چوہدری کو اجرک پہنائی، تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر ہما میر نے بخوبی ادا کیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں