افغان طالبان کی دھمکی کے بعد امریکا اپنے ارادے بدلنے پر مجبور ہو گیا

کابل(حالات میڈیا ڈسک) افغان طالبان کی دھمکی کے بعد امریکا اپنے ارادے بدلنے پر مجبور ہو گیا، امریکی صدر کا افغانستان سے اتحادی افواج کے انخلاء کیلئے مقررہ ڈیڈ لائن میں مزید توسیع نہ کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے افغانستان سےانخلا کی ڈیڈلائن میں توسیع نہ کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی صدربائیڈن نے آج واشنگٹن میں اعلان کیا کہ امریکا اکتیس اگست تک افغانستان سےانخلا مکمل کرلےگا۔
اس سے قبل امریکی صدر نے افغانستان سے فوجی انخلاء کی ڈیڈ لائن میں توسیع کرنے کا عندیہ دیا تھا، تاہم اس کے بعد افغان طالبان کی جانب سے دھمکی دی گئی تھی کہ 31 اگست کی تاریخ ڈیڈ لائن نہیں بلکہ ریڈ لائن ہے، اگر اس تاریخ تک فوجی انخلاء مکمل نہیں ہوا تو کابل ائیرپورٹ پر قبضہ کر لیا جائے گا۔افغان طالبان کی اس دھمکی کے بعد ہی امریکا نے فوجی انخلاء 31 اگست تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب افغانستان میں طالبان کے کنٹرول کے بعد ملکی اور غیر ملکی باشندوں کے انخلا کے عمل میں غیرمعمولی تیزی دیکھنے میں آرہی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایوی ایشن ذرائع نے بتایاکہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران افغانستان کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امریکی ایئرفورس سمیت مختلف ممالک کی ایئر فورسز اور دیگر 106 طیاروں نے لینڈنگ اور ٹیک آف کیا، جن میں 98 پروازیں مختلف ملکوں کی ایئرفورسز کی تھیں۔کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آمد اور روانگی کے بورڈ کے مطابق ہوائی اڈے کے رن وے خاص طور پر رات کے وقت انتہائی مصروف رہے۔ افغانستان کے مقامی وقت 22 اگست کی رات 10 بجے سے لے کر 23 اگست کی رات 10 بجے تک کابل ایئر پورٹ پر 55 طیاروں کی لینڈنگ ہوئی جبکہ ان میں 52 نے ٹیک آف کیا۔امریکی ایئر فورس کے سب سے زیادہ 67 طیاروں کی آمد اور روانگی ہوئی ہے۔
رائل ایئر فورس کی 10 لینڈنگ اور ٹیک آف ہوئے، ترکش ایئر فورس کے 3، اسپین ایئر فورس کی دو، رائل نیوزی لینڈ ایئر فورس کی 2، رائل آسٹریلین ایئر فورس کی 4 لینڈنگ اور ٹیک آف ہوئے۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق گلوبل ایکس کی 6 پروازوں کی آمد و روانگی ریکارڈ کی گئی۔ افغانستان کی کمرشل ایئر لائن کم ایئر کی بھی 3 لینڈنگ اور ایک ٹیک آف ہوا۔ کال سائن کے بغیر 4 طیاروں نے لینڈنگ اور ٹیک آف کیا۔ جارجیا سے بھی 4 کارگو طیاروں کی آمد اور روانگی مانیٹر کی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صرف 24 گھنٹوں کے دوران کابل ائیرپورٹ کے ذریعے ہزاروں افراد کا افغانستان سے اںخلاء ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں