سعودی عرب : سوشل میڈیا پر منشیات کی نمائش کرنے والاشخص گرفتار

ریاض (حالات میڈیا ڈسک) سعودی عرب ایک اسلامی ملک ہے جہاں پر شرعی قانون نافذ ہیں۔ اسلامی ملک ہونے کے ناتے یہاں شراب اور منشیات کے استعمال کی بھرپور ممانعت ہے اور ان ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ میں ملو ث افراد کا سر قلم کر دیا جاتا ہے۔ پھر بھی بہت سے لوگ دولت کے لالچ میں اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر منشیات کی اسمگلنگ کے دھندے سے باز نہیں آتے۔ایسے لوگوں کی کبھی نہ کبھی شامت آ ہی جاتی ہے۔سعودیہ میں ایک شخص کی ہمت اس قدر بڑھ گئی کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنے پاس موجود منشیات کی فروخت کے لیے پبلسٹی پر ا±تر آیا۔ تاہم اس شخص کی دیدہ دلیری ا±سے لے بیٹھی۔سوشل میڈیا صارفین نے اس منشیات فروش کے خلاف پولیس کو رپورٹ کر دی جس کے بعد اس کی شناخت کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔سعودی اینٹی نارکوٹکس کے سرکاری ترجمان میجر محمد النجیدی نے بتایا ہے کہ سوشل میڈیا پر منشیات کی نمائش کرنے والے ایک شخص کی متعدد ویڈیو کلپس سامنے آئیں جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔ملزم بڑے فخریہ انداز سے بتاتا رہا ہے کہ اس کے نشہ آور مواد موجود ہے جسے وہ فروخت کرنا چاہتا ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ سعودی شہری ہے ، جس کی عمر 25 سال کے لگ بھگ جبکہ تعلق ریاض ریجن سے ہے۔ ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد اس کے خلاف منشیات کی نمائش کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش کی خاطر سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل سعودی عرب کی تاریخ کی منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کارروائی ناکام بنا دی گئی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق سعودی زکوٰة، ٹیکس اینڈ کسٹمز اتھارٹی نے جدہ کی بندرگاہ پر بیرون سے آنے والے کوکو کے پیکٹس کی بڑی کھیپ میں سے منشیات کی لاکھوں گولیاں برآمد کر لی ہیں۔ کسٹمز اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سعودیہ میں تین افراد نے کوکو کی بوریوں کی شپمنٹ منگوائی تھی، مگر اس کی آڑ میں سعودیہ میں بڑے پیمانے پرنشہ آور گولیاں اسمگل کی جا رہی تھیں۔جب یہ کوکو کی بوریاں جدہ کی بندرگاہ پر پہنچیں تو کسٹمز حکام کے معمول کے مطابق جدید آلات سے تلاشی لی تو شک ہوا کہ ان میں مشکوک مواد موجود ہے۔ جس کے بعد اس پوری شپمنٹ کو چیک کیا گیا تو ان میں موجود چھوٹی چھوٹی تھیلیوں میں نشہ آور گولیوں کی بڑی مقدار برآمد ہوئی۔ مجموعی طور پر کیپٹا گون کی 87 لاکھ 35 ہزار گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ جسے مستعد کسٹمز حکام نے ناکام بنا دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں