شہباز شریف کا چیف الیکشن کمشنر کو بھی خط

شہباز شریف کا چیف الیکشن کمشنر کو بھی خط

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط لکھ دیا۔

شہباز شریف نے لکھے گئے خط میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے کہا ہے کہ 2018ء کے انتخابات میں دھاندلی کی شکایات اور انتخابی اصلاحات پر اتفاقِ رائے کی ضرورت ہے۔

خط میں انہوں نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے آزادانہ، غیر جانبدارانہ، شفاف اور کسی مداخلت کے بغیر انعقاد کے لیے اصلاحات ضروری ہیں۔

شہباز شریف نے اپنے خط میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنا انتخابی اصلاحاتی ایجنڈا یک طرفہ اقدامات سے مسلط کر کے آئندہ انتخابات کو متنازع بنا رہی ہے۔

خط میں انہوں نے لکھا ہے کہ حکومت کی انتخابی اصلاحات آئین سے متصادم ہیں، حکومت نے متعلقہ فریقین سے کوئی مشاورت نہیں کی۔

مسلم لیگ نون کے صدر نے خط میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے حالیہ الیکشن بلز پر بذاتِ خود بھی سنگین تشویش کا اظہار کیا ہے، قومی اسمبلی میں ان الیکشن بلز کو بلڈوز کر کے منظور کرایا گیا۔

انہوں نے خط میں کہا ہے کہ بامعنی انتخابی اصلاحات میں اداروں کو اپنی رائے دینے کے علاوہ ذمے داری لینا ہوگی تاکہ آزادنہ اور شفاف انتخابات یقینی ہوں۔

چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی ذمے داری بنتی ہے کہ وہ انتخابی اصلاحات پر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرے۔

انہوں نے اپنے خط میں اپیل کی ہے کہ میں آپ پر زور دیتا ہوں کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو مشاورت کے لیے بلائیں تاکہ اتفاقِ رائے پر مبنی پلان بن سکے۔

شہباز شریف کا خط میں چیف الیکشن کمشنر سے مزید کہنا ہے کہ اس متفقہ پلان کو پارلیمنٹ میں منظوری کے لیے پیش کیا جا سکتا ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا اپنے خط میں یہ بھی کہنا ہے کہ چاہتے ہیں کہ مستقبل میں آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات منعقد ہو سکیں جو عوام کی حقیقی رائے کے مظہر ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں