اسد عمر نے 3 سال بعد آصف زرداری کی بات دہرائی، مرتضیٰ وہاب

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اسد عمر نے 3 سال بعد وہی بات کی جو آصف زرداری اسمبلی فلور پر کہہ چکے تھے۔

کراچی میں ویکسی نیشن سینٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اسد عمر کا بیان ہے، قومی احتساب بیورو (نیب) کے ہوتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ اسد عمر کو یہ بات کہنے میں 3 سال لگے جبکہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو یہ بات پہلے ہی کہہ چکے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت نے مزید کہا کہ وفاق پانی کے معاملے پر سندھ سے زیادتی کررہا ہے، ہم 91ء کے پانی معاہدے پر متفق نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ کراچی کی آبادی پر جو مقدمہ وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ لڑرہے ہیں وہ حکومت کی اتحادی متحدہ قومی موومنٹ اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نہیں لڑ رہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ دو نہیں ایک پاکستان، عمران خان جس طرح بزدار کا پاکستان چاہتے ہیں اسی طرح مراد علی شاہ کا پاکستان بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنے قول و فعل کے فرق کو ختم کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں