طالبان جدید ترین امریکی یو ایچ 60 بلیک ہاک ہیلی کاپٹر اڑانے لگے، ویڈیو وائرل

کابل (حالات میڈیا ڈسک) طالبان نے بڑے پیمانے پر امریکی اسلحے اور جنگی ہیلی کاپٹر قبضے میں لے لیے، طالبان کی جانب سے کروڑوں ڈالر مالیت کا جدید ترین یو ایچ 60 بلیک ہاک ہیلی کاپٹر اڑانے کی ویڈیو وائرل- تفصیلات کےمطابق طالبان نے ہیلی کاپٹر اڑانے کی پریکٹس شروع کردی ہے۔ غیر ملکی میڈیا میں طالبان کی امریکی ہیلی کاپٹر اڑانے کی ویڈیو گردش کرنے لگی۔
طالبان امریکہ کا چھوڑا یو ایچ 60بلیک ہاک ہیلی کاپٹر اڑا رہے ہیں۔ افغانستان میں کارروائیوں کے دوران طالبان نے بڑے پیمانے پر امریکی اسلحہ اور جنگی ہیلی کاپٹر قبضے میں لیے تھے۔دوسری جانب امریکہ نے طالبان کے زیرقبضہ امریکی فوجی سازوسامان کو تباہ کرنے کی منصوبہ بندی شروع کردی، جوبائیڈن انتظامیہ فوجی سامان کو فضائی حملوں سے تباہ کرنے پر غور کررہی ہے، امریکی طیارے، گاڑیاں اور ہتھیار افغان شہریوں کو مارنے کیلئے استعمال ہوسکتے ہیں۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ نے طالبان کے افغانستان پر قبضے کے دوران وہ امریکی فوجی سازوسامان جو طالبان کے ہاتھ لگ گیا، اب وہ ان کے ساتھ کھڑے ہوکر تصاویر بنوا رہے ہیں۔ اس فوجی سازوسامان کو تباہ کرنے کی امریکا نے منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔ امریکا کو خدشہ ہے کہ طالبان کے زیرقبضہ امریکی طیارے، گاڑیاں اور ہتھیار افغان شہریوں کو مارنے کیلئے استعمال ہوسکتے ہیں، جوبائیڈن انتظامیہ فوجی سامان کو تباہ کرنے پر غور کررہی ہے ، سامان کو تباہ کرنے کیلئے فضائی حملوں کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔جوبائیڈن انتظامیہ کو یہ خدشہ بھی ہے کہ فوجی سازوسامان روس یا چین کے ہاتھ بھی لگ سکتا ہے، اس فوجی سازوسامان میں 100 سے زائد بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز، سینکڑوں فوجی گاڑیاں اور جدید اسلحہ شامل ہے۔ مزید برآں امریکی فوج کی انتہائی حساس بائیو میٹرک ڈیوائسز کو طالبان نے قبضے میں لے لیا ہے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوج کو اس بات کے خدشات لاحق ہوگئے ہیں کہ ان ڈیوائسزمیں موجود حساس ترین معلومات کو اس کے مخالفین اسی کے خلاف استعمال کرسکتے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ واقعہ گزشتہ ہفتے پیش آیا تھا اور امریکی فوج کی بائیو میٹرک ڈیوائسز کو طالبان کے قبضے میں گئے ہوئے ایک ہفتہ گزر چکا ہے۔ ان بائیومیٹرک ڈیوائسز میں امریکی فوجیوں اور مقامی افغانوں کا انتہائی حساس ترین ڈیٹا موجود ہے۔ امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ بائیو میٹرک ڈیوائسز سے طالبان امریکہ کے ساتھ کام کرنے والے افغانوں کی نشاندہی کر کے انہیں انتقام کا نشانہ بھی بنا سکتے ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ طالبان بائیو میٹرک ڈیوائسز کا ڈیٹا خود چیک کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے ہیں لیکن کوئی پڑوسی ملک یا اس کی انٹیلی جنس اس ضمن میں ان کی مدد کرسکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں