کوئٹہ میں سرینا ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکے میں 3 افراد بحق اور 11 افراد زخمی ہوگئے۔
دھماکے کے زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، جس میں دو افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
علاقے کو سیکیورٹی اہلکاروں نے گھیرے میں لے لیا ہے ، جبکہ فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پالیا ہے اور ریسکیو کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔
دھماکے میں سات سے آٹھ گاڑیاں مکمل تباہ ہوچکی ہیں ، پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
دھماکے کے بعد سول اسپتال کوئٹہ میں ایمر جنسی لگادی گئی ہے اور پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت ڈاکٹرز کی ٹیم کو طلب کرلیا گیا ہے ۔
آئی جی بلوچستان محمد طاہر رائے کا کہنا ہے کہ دھماکا مقامی ہوٹل کی پارکنگ میں ہوا، سی ٹی ڈی نے دھماکے کی جگہ کو سیل کردیا۔
آئی جی بلوچستان نے کہا کہ دھماکے سے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ گاڑی میں نصب بم کے ذریعے کیا گیا ہے ۔
ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ دھماکا دہشتگرد حملہ ہے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
لیاقت شاہوانی نے کہا کہ کوئٹہ کے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔