خیرپور، کوچ اور وین میں تصادم، 11جاں بحق، متعدد زخمی

خیرپور، کوچ اور وین میں تصادم، 11جاں بحق، متعدد زخمی

صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور میں شاہ عبدالطیف یونیورسٹی کے قریب مسافر کوچ اور وین میں تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 8 سے زائد  افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق حادثہ خیرپور سے 10 کلومیٹر دور حسین آباد کے مقام پر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی کے قریب پیش آیا، خوفناک حادثے میں دونوں گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

پولیس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی مسافر بس سکھر سے سانگھڑ اور  وین نواب شاہ سے سکھر جا رہی تھی، ٹریفک حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں، لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق افرادکی تعداد11ہوگئی ہے، جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون دو کمسن بچے بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب مسافر دونوں گاڑیوں میں بری طرح پھنس گئے ہیں، علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں اور جاں بحق افراد کو گاڑیاں کاٹ کر نکالا بعد ازاں پرائیویٹ گاڑیوں اور ایدھی فاؤنڈیشن کے عملے کی مدد سے انہیں خیرپور منتقل کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں