ٹیکس گزاروں کوجعلی اور وائرس زدہ ای میلز ایف بی آر نے الرٹ جاری کردیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)فیڈرل بور ڈ آف ریونیو کو ٹیکس گزاروں کی طرف سے شکایات موصول ہوئی ہیں کہ انہیں ای میلز بھیجی جارہی ہیں جن میں منسلک شدہ انکم ٹیکس ڈیفالٹرز لسٹ کا حوالہ دیاگیا ہے تا کہ ٹیکس گزار لسٹ میں سے اپنا نام تلاش کر لیں۔روزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق اسحوالے سے ایک بیان میں ایف بی آر نے ایسی کسی بھی ای میلز کے بھیجے جانے سے لاتعلقی کا اظہارکیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جعلی ای میلز [email protected] ای میل ایڈریس سے بھیجی جار ہی ہیں۔ ان جعلی ای میلز میں ٹیکس گزاروں

کو ہدایات جاری کی جارہی ہیں کہ وہ انکم ٹیکس ڈیفالٹر ز لسٹ تفصیلات کا معائنہ کر لیں۔ اسی طرح کی کچھ مزید جعلی ای میلز بھیجی جا رہی ہیں جس میں ٹیکس گزاروں کو ڈیفالٹرز لسٹ کھولنے کے لئے پاس ورڈ بھی بھیجا جا رہا ہے۔ ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کو متنبہ کیا ہے کہ یہ جعلی ای میلز وائرس زدہ ہیں۔ ان جعلی وائرس زدہ ای میلز کے ذریعے ٹیکس گزاروں سے اہم معلومات لینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں سے درخواست کی ہے کہ وہ ایسی جعلی ای میلز کو مکمل طور پر نظر انداز کردیں اور فوراʼʼ متعلقہ اتھاریٹیز کو اس کے بارے میں آگاہ کریں۔ ایف بی آر نے اپنی ویب سائٹ www.fbr.gov.pk کے ذریعے ٹیکس گزاروں کو ایسی جعلی ای میلز سے نمٹنے کے لئے راہ نمائی بھی فراہم کر دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں