چینی کی قیمت بڑھنے سے یا چینی مافیا سے میرا کوئی تعلق نہیں: جہانگیر ترین

تحریکِ انصاف کے رہنما جہانگیر ترین  کا کہنا ہے کہ چینی کی قیمت بڑھنے سے یا چینی مافیا سے میرا کوئی تعلق نہیں، میری نیک نامی کے اوپر دھبے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

لاہور میں بینکنگ کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ بار با رشوگر مافیا کی بات کی جاتی ہے، کہا جاتا ہے چینی کی قیمتیں بڑھ گئیں، تینوں ایف آئی آرکو پڑھ لیں شوگر مافیا کا ذکر نہیں نہ الزام ہے، تینوں ایف آئی آر میں چینی کی قیمت بڑھنے کا ذکر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر میں میرے کاروبار کے8سے10سال پرانی چیزوں کو اٹھایا گیا، میرے خلاف ایک فرضی کہانی بنائی ہوئی ہے، میری ڈاکیومینٹیشن صاف اور شفاف ہے، ہر سال انکم ٹیکس ٹھیک ٹھاک دیتا ہوں۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ میرے اور فیملی کے اکاؤنٹس انکم ٹیکس والوں کے پاس موجود ہیں، یہ نہ کہا کریں کہ جہانگیر ترین پر شوگر کا کیس لگا ہے، کسی بھی بزنس مین سے پوچھ لیں، کہیں گے اگر جہانگیر ترین صاف شفاف نہیں تو کون صاف شفاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری نیک نامی کے اوپر دھبے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے، سب لوگوں کو پتا لگے گا اصل بات کیا تھی، مجھ پر ڈیڑھ سال میں شوگر سے متعلق الزام تک نہیں لگا، میں کونسا کہہ رہا ہوں کیسز ختم کردیں، کیسز کا مقابلہ کرنے کے لئے عدالت میں موجود ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں