آخری مرتبہ ریاست مدینہ میں کہہ رہے ہیں کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے ، راجہ ریاض

لاہور (بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء راجہ ریاض نے آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ آج آخری مرتبہ ریاست مدینہ میں کہہ رہے ہیں کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے ، انصاف نہ ملا تو فیصلہ کرنے میں آزاد ہوں گے، بات کو مزید آگے نہ بڑھائیں ، بڑے تحمل سے تحریک انصاف کے پرچم کے نیچے کھڑے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کی عدالت مین پیشی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 40 ارکان عمران خان سے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں ، کیوں کہ جہانگیر ترین سے نا انصافی ہو رہی ہے ، اب اس بات کو آگے نہ بڑھائیں، ہم اب تک پی ٹی آئی کے پرچم تلے کھڑے ہیں، لیکن آخری بار انصاف مانگ رہے ہیں، نہ ملا تو فیصلہ کرنے پر مجبور ہوں گے۔
قبل ازیں شوگر سکینڈل کیس میں جہانگیر ترین اور اُن کے بیٹے علی ترین کو ریلیف دیتے ہوئے عدالت نے عبوری ضمانت میں تین مئی تک توسیع کر دی ، چینی اسکینڈل کیس میں عبوری ضمانت کا وقت ختم ہونے پر تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیرترین پیشی کیلئے لاہور جوڈیشل کمپلیکس پہنچے ، جہانگیر ترین کے ہمراہ راجہ ریاض اور 26 ایم پی اے بھی تھے ، بنکنگ کورٹ کے جج امیر محمد خان نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی ، دونوں نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی۔
وکیل جہانگیر ترین نے عدالت کو بتایا کہ 14 اپریل کو جہانگیر ترین اور علی ترین کو ایف آئی اے نوٹس ارسال کرتی ہے، ایف آئی اے نے جہانگیر ترین کے ڈیرہ فارمز سمیت تمام کاروبار کا ریکارڈ مانگ لیا ، وکیل نے موقف اپنایا کہ ایک دن کے نوٹس پر تمام چیزیں پیش کرنا ممکن نہیں تھا، امن و امان کی صورتحال کے باعث سب چیزیں پیش کرنا ممکن نہیں تھا، 19 اپریل کو ایف آئی اے میں پیش ہونگے ، عدالت نے کیس کی سماعت 3 مئی تک ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں