یو اے ای میں موبائل فون ریپیئر کروانے والی خاتون بلیک میلنگ کا نشانہ بن گئی

شارجہ (حالات انٹرنیشنل ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں ایک لڑکی اپنا خراب موبائل ٹھیک کروانے کے چکر میں بلیک میلنگ کا شکار بن گئی۔ تاہم اس نے بلیک میل ہونے کی بجائے دُکاندار کو کرارا سبق سکھا دیا۔ متاثرہ لڑکی نے رپورٹ درج کروا دی جس کے بعد دُکاندار کو گرفتار کر کے اس کے خلاف بلیک میلنگ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ شارجہ پولیس نے بتایا ہے کہ گرفتار کیے گئے موبائل ٹیکنیشن کا تعلق ایک عرب ملک سے ہے ۔
ملزم نے خاتون کے موبائل سے تصویریں اور ویڈیوز ڈاؤن لوڈکرنے کے بعد اس سے رابطہ کر کے رقم کا مطالبہ کیا اور دھمکی دی کہ بات نہ ماننے پر وہ یہ ڈیٹا سوشل میڈیا پر وائرل کر دے گا۔ تاہم لڑکی نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی کہ اس نے اپنا موبائل ریپئرنگ شا پ کو دیا تھا ۔
دو روز بعد اسے یہ موبائل فون واپس مل گیا مگر اس دکاندار نے فون میں سے اس کا ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کر لیا تھا۔

چند روز بعددکاندار نے اسے فون کر کے کہا کہ اسے ایک بینک کا 20 ہزار درہم قرض ادا کرنا ہے اور پھر اسے دھمکی دی کہ اگر اس نے یہ رقم نہ دی تو وہ سارا ڈیٹا انٹرنیٹ پر شیئر کر دے گا۔ ملزم نے ثبوت کے طور پر چند تصویریں بھی اسے بھجوائی تھیں۔ لڑکی نے پولیس کو ساری بات بتا دی۔ ملزم نے گرفتاری کے بعد اعتراف کیا کہ اس نے لڑکی کی کچھ تصاویر اسے بھجوائی تھیں، مگر اس کا مقصد بلیک میلنگ نہیں تھابلکہ اس نے موبائل سے تمام ویڈیوز اور تصویریں اس لیے اپنے پاس کاپی کی تھیں کہ ریپرنگ کے دوران فون کی میموری کو کوئی مسئلہ آئے توسارا ڈیٹا محفوظ رہے۔
موبائل ٹھیک کرنے کے بعد اس نے لڑکی کو یہ تصویریں بھجوا دی تھیں۔ اس نے لڑکی کو ہرگز بلیک میل نہیں کیا ہے۔ اس مقدمے کی اگلی سماعت مئی کے مہینے میں ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں