کسی جتھے کو ریاست کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی

اسلام آباد (جنرل رپورٹر) : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کسی جتھے کو ریاست کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے سی ایم ایچ اور ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرز اسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مظاہروں میں تشدد سے زخمی پولیس اہلکاروں اور رینجرز کے جوانوں کی عیادت کی۔ وزیر داخلہ نے سکیورٹی اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امن وامان کے حوالے سے بہت زبردست کام کیا، امن وامان بحال رکھنے پرپولیس اوررینجرزکے افسروں اور جوانوں نے ہمت اوربہادری دکھائی۔
انہوں نے کہا کہ اہلکاروں نے کالعدم تنظیم کے کارکنوں کی پرتشدد کارروائیوں کا تحمل سے مقابلہ کیا، کسی جتھے کو ریاست کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
دوسری جانب اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نادرا، سیف سٹی لاہور اور دیگر اداروں پر مشتمل خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ سیل پولیس پر تشدد میں ملوث لوگوں کی ویڈیوز کے ذریعے نشاندہی کررہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اب تک درجنوں لوگ شناخت کرلیے گئے ہیں، جن کےخلاف کارروائی کا آغاز ہو رہا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز پنجاب پولیس نے تحریک لبیک کے خلاف بھرپورایکشن لیتے ہوئے تحریک لبیک کوفنڈز دینے والے افراد کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ اب روڈ کوبند کرنے والوں کو وہاں سے ہٹانے کی بجائے گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا۔ تحریک لبیک کے کارکنوں کی گرفتاری کے لیے مساجد میں مخبروں کی فورس تعینات کی گئی۔
آئی جی پنجاب انعام غنی نے تمام آرپی او،ڈی پی اوز اور سی سی پی او لاہور کو حکم دیا گیا تھا کہ تمام فنانشل کو حراست میں لیا جائے،آئی جی پنجاب نے مزید احکامات جاری کرتےہوئے کہا تھا کہ آئندہ جو بھی تحریک لبیک کا کارکن روڈ کوبند ان کو ہٹانے کی بجائے گرفتار کیا جائے،اب تک لاہور سمیت پنجاب بھر میں 200 سے زائد مقدمات درج کیے جاچکے ہیں جبکہ 3 ہزار کے قریب کارکنوں کو پکڑا جاچکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں