فرانس نے اپنے شہریوں کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کر دی

پیرس (این این آئی)فرانسیسی سفارت خانے نے تمام فرانسیسی شہریوں اور کمپنیوں کو عارضی طور پر پاکستان چھوڑنے کا مشورہ دیدیاہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فرانسیسی سفارت خانے کی جانب سے یہ پیش رفت گزشتہ کئی روز سے پاکستان میں جاری پْر تشدد مظاہروں کے بعد سامنے آئی جس نے ملک کے بڑے حصے کو مفلوج کر رکھا تھا۔فرانسیسی شہریوں کو ارسال کردہ ای میل میں سفارت خانے نے کہا کہ پاکستان میں فرانسیسی مفادات کو لاحق سنگین خطرات کے باعث فرانسیسی شہریوں اور کمپنیوں کو عارضی طور پر ملک چھوڑنے کامشورہ دیا جاتا ہے۔ای میل میں کہا گیا

کہ یہ روانگی موجودہ کمرشل ایئر لائنز کے ذریعے انجام دی جائے گی۔دوسری جانب فرانسیسی سفارت خانے میں پریس اتاشی ویرونک وینگر نے اس بات کی تصدیق کی کہ ہم نے احتیاطی طور پر پاکستان میں موجود اپنے تمام شہریوں کو اگر ممکن ہو تو ملک چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ احتجاجی مظاہروں نے فرانسیسی شہریوں کیلئے سیکیورٹی کے سنگین خطرات پیدا کردئیے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارا سفارتخانہ ابھی بند نہیں ہوا لیکن محدود عملے کے ساتھ کام کررہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں