قومی شاہرائیں بند ، ملک بھر میں پیاز کے بحران کا خدشہ

جیکب آباد( این این آئی) قومی شاہراہیں بند ہونے کی وجہ سے ملک بھر میں پیاز کے بحران کا خدشہ، ملک کے اکثر شہروں کو پیاز فراہم کرنے والی جیکب آباد کی سبزی منڈی میں نیلامی نہ ہوسکی۔ تفصیلات کے مطابق ملک کی قومی شاہراہیں بند ہونے کی وجہ سے ملک کے اکثر شہروں کو پیاز فراہم کرنے والی جیکب آباد کی سبزی منڈی میںمنگل کے روز پیاز کی نیلامی نہ ہوسکی جس کیوجہ سے ملک بھر میں پیاز کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، جیکب آباد مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمدحسن لاشاری نے رابطہ

کرنے پر بتایا کہ اس وقت پورے ملک میں پیاز کی فراہمی جیکب آباد سے ہوتی ہے لیکن ملک کی موجودہ صورتحال اور قومی شاہراہیں بند ہونے کی وجہ سے پہلے ہی ہمارے پیاز کی گاڑیاں مختلف مقامات پر بند ہیں اس لیے آج منڈی میں پیاز کی نیلامی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے کروڑوں روپیوں کا پیاز خراب ہونے کا خدشہ ہے، انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی 35سے 40ہزار کے قریب بوریاں منڈی میں موجود ہیں شاہراہیں بند ہونے کی وجہ سے نیلامی نہیں کی کیوں کہ نیلامی کیسے کی جائے ملک کی شاہراہیں بند ہیں ، انہوں نے کہا کہ جیسے شاہراہیں کھلیں گی تو ملک بھر میں پیاز کی فراہمی شروع کردی جائے گی ، چیئرمین مارکیٹ کمیٹی نے کہا کہ جیکب آباد کی سبزی منڈی میں آج نیلامی نہ ہونے کی وجہ سے 1200سے زائد محنت کش بے روزگار ہوگئے ہیں جبکہ مزید صورتحال کیا ہوتی کچھ معلوم نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں