موساد نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کردیا

تل ابیب،تہران (این این آئی )اسرائیل کے پبلک ریڈیو نے انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ خفیہ ایجنسی موساد نے ایران کی نطنز میں واقع جوہری تنصیب پر سائبرحملہ کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق کان ریڈیو نے بے نامی ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی کہ نطنز پر اسرائیل نے سائبر حملہ کیا اور اس میں خفیہ ایجنسی موساد کا ہاتھ کارفرما ہے۔ایران کی اس جوہری تنصیب پر تہران کی فراہم کردہ اطلاع سے کہیں زیادہ نقصان ہوا ہے۔قبل ازیں ایران کے جوہری توانائی کے ادارے کے ترجمان بہروزکمال آفندی نے سرکاری میڈیا کو بتایا تھا

کہ نطنز میں ایک واقعہ رونماہوا ہے،اس کے نتیجے میں اس تمام تنصیب میں بجلی منقطع ہوگئی ہے۔دوسری جانب ایران نے جوہری تنصیب پر حملے کو دہشتگردی قرار دے دیا،غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران کی جوہری توانائی تنظیم کے سربراہ علی اکبر صالحی اس واقعے کا براہ راست کسی پر الزام عائد کرنے سے قاصر رہے۔واضح رہے کہ اتوار کی صبح اس تنصیب پر پیش آنے والے واقعے کے بارے میں زیادہ تفصیلات سامنے نہیں آسکیں جس کو ابتدا میں اس جگہ کو بجلی فراہم کرنے والے گرڈ کی وجہ سے بلیک آئوٹ قرار دیا گیا تھا۔کئی اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے اداروں نے بتایا تھا کہ ایک سائبر حملے نے نطنز کو تاریک کردیا اور ایک ایسی سہولت کو نقصان پہنچایا جو نہایت حساس ہے۔سرکاری ٹی وی کےمطابق علی اکبر صالحی نے کہا کہ اس دہشت گردی کے اہداف کو ناکام بنانے کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران ایک طرف جوہری ٹیکنالوجی میں سنجیدگی سے بہتری لائے گا اور دوسری طرف جابرانہ پابندیاں ختم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس مایوس کناقدام کی مذمت کرتے ہوئے ایران اس جوہری دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی اداروں اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی مداخلت کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔سرکاری ٹی وی پر علی اکبر صالحی کے بیان میں یہ وضاحت نہیں کی گئی ہے کہ اس سہولت میں کیا ہوا ہے تاہم نطنز کو ماضی میں بھی تخریب کاری کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں