دُبئی ایئرپورٹ پر بھارتی دوشیزہ سے 5 کلو منشیات برآمد ہو گئی

دُبئی(انٹرنیشنل ڈیسک) دُبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات کسٹمز حکام اس وقت حیران پریشان ہو گئے جب ایک بھارتی دوشیزہ کے سامان سے چند گرام نہیں بلکہ پانچ کلو سے بھی زائد منشیات برآمد ہوگئی۔ عام طور پر کسی بھارتی خاتون سے منشیات کی اتنی بڑی مقدار سالوں بعد ہی برآمد ہوتی ہے۔ پکڑی گئی منشیات کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق 23 سالہ بھارتی لڑکی بھارت سے دُبئی پہنچی۔ دُبئی ایئرپورٹ پرتعینات کسٹمز حکام کو اس کے پاس سامان پر کچھ شک ہوا ۔ جب اس کے سامان کی تفصیلی تلاشی لی گئی تو یہ دیکھ کر کسٹم اہلکار بھی حیران رہ گیا کہ اس لڑکی کے پاس تھوڑی بہت نہیں، بلکہ سوا پانچ کلو منشیات موجود تھی جس کی مالیت کروڑوں روپے بنتی ہے۔ بہت لمبے عرصے بعد کسی بھارتی خاتون کو منشیات کی اتنی بھاری مقدار کے ساتھ پکڑا گیا ہے۔

اس منشیات کو اینٹی نارکوٹکس کے دفتر بھجوایا گیا تو وہاں سے تصدیق ہو گئی کہ یہ سوا پانچ کلو گرام پاؤڈر دراصل چرس ہے۔لڑکی کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا۔ تاہم ملزمہ کا کہنا تھا کہ یہ منشیات اس کی نہیں ہے۔ اسے کسی نے امانت پہنچانے کے لیے یہ پیکٹ دیا تھا۔ وہ نہیں جانتی تھی کہ اس کے اندر منشیات بھری ہوئی ہے۔ ملزمہ نے مزید بتایا کہ بھارت میں موجود ایک شخص نے اسے کہا تھا کہ نائف کے ہوٹل میں کچھ لوگ آ کر اس سے یہ پیکٹ لے جائیں گے۔
پولیس نے ساری بات سُننے کے بعد ایک منصوبہ تیار کیا۔ گرفتار ملزمہ نے بھارت فون کر کے ہوٹل کا کمرہ نمبر پوچھا ۔ جس کے بعد پولیس نے اس کمرے میں موجود دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ ایک ملزم کے پاس سگریٹ کے پیکٹ سے چرس بھی برآمد ہوئی ہے۔ دونوں ملزمان کا تعلق سری لنکا سے ہے۔ بھارتی لڑکی پر منشیات رکھنے اور اسمگل کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں جبکہ باقی دونوں ملزمان پر منشیات رکھنے اور فروخت کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔ اس مقدمے کی اگلی سماعت 25 اپریل 2021ء کو ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں