جسے کہتے تھے سیاست ختم ہوگئی ہے اس نے لندن میں بیٹھ کر ہرا دیا

لاہور(بیورو رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے ڈسکہ الیکشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جسے کہتے تھے سیاست ختم ہوگئی ہے اس نے لندن میں بیٹھ کر ہرا دیا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے مزید کہا کہ ریاستی مشینری کے ساتھ مقابلہ کیا ہے اور ڈسکہ کی فتح بہت بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ہے۔فروری میں یہ دھاندلی کر کے بھی نہیں جیت سکے ۔
مسلم لیگ ن کو دبانے اور ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔مریم نواز نے مزید کہا کہ جسے کہتے تھے سیاست ختم ہوگئی ہے اس نے لندن میں بیٹھ کر ہرا دیا ۔یہ سپریم کورٹ گئے کہ ہمیں عوام کی شکست سے بچاؤ اور یہ میدان میں آئے تو عوام کے ووٹوں نے الٹے پاؤں بھاگنا پر مجبور کر دیا۔مریم نواز نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کو توڑنے کے لئے پانچ سال لگا کر سر توڑ کوششیں کی گئیں لیکن ن لیگ عوامی قوت کے ساتھ ان کے سامنے کھڑی ہے جبکہ حکومتی اراکین کی بھی ٹی وی پر حکومت کے خلاف بات کر رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ جہانگیر ترین کے آپس کے معاملات پر کچھ نہیں کہنا چاہتی لیکن جہانگیر ترین سے سبق سیکھیں یہ جہانگیر ترین کا نمک کھا رہے تھے ،جہاز استعمال کر رہے تھے اس وقت وہ شوگر مافیا نہیں تھے؟۔ واضح رہے کہ این اے 75 ڈسکہ ضمنی الیکشن کے سلسلے میں تمام 360 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج سامنے آ چکے۔ تمام 360 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ کی امیدوار نوشین افتخار نے 1 لاکھ 11 ہزار 220 ووٹ حاصل کیے، جبکہ تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی 92 ہزار ووٹ حاصل کر سکے۔
یوں ن لیگ نے 19 ہزار ووٹوں کی برتری سے حکمراں جماعت تحریک انصاف کو شکست دے دی۔ این اے 75 ڈسکہ ضمنی الیکشن کی فتح کے بعد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغامات جاری کر کے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں