کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ، مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا

لاہور (بیورو رپورٹ) : پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے جبکہ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تمام سرکاری و نجی دفاتر بھی بند رہیں گے۔ اس حوالے سے یشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اعلامیہ بھی جاری کیا جس میں کہا گیا کہ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس بند رہیں گے البتہ متاثرہ علاقے میں مکینوں کی محدود نقل و حمل کی اجازت ہوگی، اور انتہائی ضرورت کے پیش نظر ایک فرد ایک سواری استعمال کرسکے گا۔
حکومت کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ہر قسم کے اجتماعات پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
لاک ڈاؤن والے علاقوں میں اسپتال سمیت تمام میڈیکل سروسز، میڈکل اسٹورز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے جبکہ دودھ اور گوشت کی دکانیں، بیکریاں صبح 7 بجے سے شام 7 بجے تک کُھلی رہیں گی۔ اعلامیے کے مطابق لاک ڈاؤن والے علاقے میں پیٹرول پمپس صبح 9 بجے سے شام 7 بجے تک کُھلیں گے جبکہ گروسری اسٹورز، جنرل اسٹورز اور آٹا چکیاں، فروٹ اور سبزیوں کی دکانیں بھی صبح 9 بجے سے شام 7 بجے تک کُھلی رہیں گی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 58 اموات اور 4 ہزار 584 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 15 ہزار 501 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 25 ہزار 602 ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے پاکستان کے 26 اضلاع ہائی رسک قرار دیئے گئے ہیں۔ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، بہاولپور، منڈی بہاؤالدین، ملتان، اوکاڑہ، رحیم یار خان، راولپنڈی، گجرات، شیخوپورہ، سرگودھا، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ متاثر، مظفر آباد، میر پور، کوٹلی، پشاور، سوات، نوشہرہ ، دیر لوئر، مالاکنڈ، صوابی، چارسدہ اور ہری پور ہائی رسک اضلاع میں شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں