مشرقی یوکرین میں دوبارہ بھرپور لڑائی چھڑ سکتی ہے.روس کا انتباہ

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک) روس نے خبردار کیا ہے کہ مشرقی یوکرین میں دوبارہ بھرپور لڑائی چھڑ سکتی ہے لہذا عام شہریوں کی حفاظت کیلئے اقدامات اٹھاسکتا ہے. ادھر ترکی کی وزارت خارجہ کے مطابق امریکہ نے ترکی کو مطلع کیا ہے کہ اس کے دو جنگی بیڑے 14 اور 15 اپریل کو بحیرہ اسود پہنچیں گے اور چار سے پانچ مئی تک وہیں رکے رہیں گے.
ایسا یوکرین سرحد پر روسی فوج کی تعداد میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر کیا گیا ہے روس کی جانب سے یہ واضح انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روس یوکرین کی سرحد کے ساتھ اپنی افواج کی تعداد میں اضافہ کر رہا ہے.
امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترک وزارت خارجہ کے عہدیدار نے حکومتی ضوابط کے تحت نام ظاہر نہ کی شرط پر بتایاہے کہ امریکہ نے سفارتی ذرائع سے ترکی کو15 دن پہلے اپنے بیڑوں کے ترکی کے پانیوں میں پہنچنے کی اطلاع دی ہے، جو ترکی کے پانیوں سے بین الاقوامی جہازوں کو راہداری دینے سے متعلق ہونے والے مونٹرے کنونشن معاہدے کے تحت ضروری تھا .

واضح رہے کہ روس امریکہ اور نیٹو کے بحری بیڑوں کے ترکی سے گزرنے پر ناراض رہتا ہے اور اس نے یوکرین کی جانب سے مغرب کے ساتھ دفاعی روابط بڑھانے اور نیٹو میں شمولیت کی یوکرین کی خواہشات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے. روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان، ماریہ زیخا رووا نے خبردار کیا کہ یوکرین کی نیٹو میں شمولیت سے، جنوب مشرقی علاقے میں صورتحال مزید سنگین صورت اختیار کرلے گی جس سے یوکرین کی ریاستی حیثیت کیلئے بھی ناقابل واپسی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں روس کے صدر ولادی میر پ±وٹن کے ترجمان، دمتری پیسکوف کی طرف سے جاری کیا گیا یہ انتباہ کہ مشرقی یوکرین میں دوبارہ جنگ چھڑ سکتی ہے، روس کے اس عزم کا عکاس ہے کہ وہ یوکرین کو ملک کے مشرق میں علیحدگی پسندوں کے کنٹرول سے آزاد کرانے کیلئے طاقت کا استعمال کرنے سے روک سکتا ہے.
یوکرین کے فوجی سربراہ نے روس کے ان دعووں کو مسترد کیا ہے کہ ان کا ملک مشرق میں باغیوں پر حملے کی تیاری کر رہا ہے واضح رہے کہ سال2014 میں روس کی طرف سے جزیرہ نما کرائمیا پر قبضے کے بعد یوکرینی افواج اور روس کے حمایت یافتہ علیحدگی پسندوں کے درمیان مشرقی یوکرین میں لڑائی جاری ہے اس جنگ میں اب تک 14ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور اس تنازعے کے سیاسی حل کیلئے کی جانے والی بات چیت تعطل کا شکار ہے.
یوکرین اور مغربی ممالک نے روس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ علیحدگی پسندوں کی مدد کیلئے اپنی افواج اور اسلحہ بھیج رہا ہے روس ان الزامات سے انکار کرتا ہے یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے ملک کے مشرقی علاقے ڈان باس میں اپنے فوجیوں سے ملاقات کی. حالیہ ہفتوں میں مغربی اور یوکرینی عہدیداروں نے ملک کے صنعتی علاقے ڈان باس میں جنگ بندی کی بارہا خلاف ورزیوں پر اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے انہوں نے یوکرین کی سرحد پر تعینات روسی افواج میں اضافے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے جرمن چانسلر اینگلا مرکل نے صدر پوٹن سےٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے، صورتحال کی کشیدگی کم کرنے کیلئے یوکرین سرحد پر تعینات روسی افواج کی تعداد کم کرنے کا مطالبہ کیا تھا.
وائٹ ہاﺅس کی پریس سیکرٹری جین ساکی نے کہا تھا کہ امریکہ کو بھی روسی افواج کی اضافے پر تشویش ہے اورسال2000 کے بعد سے یوکرین کی سرحد پر روسی افواج کی تعداد میں کبھی اتنا اضافہ نہیں دیکھا گیا اس کے جواب میں روسی صدر کے ترجمان، پیسکوف کا کہنا تھا کہ روس اپنی سرحدوں کے اندر اپنی افواج کو کہیں بھی تعینات کرنے کیلئے آزاد ہے. انہوں نے یوکرین کی افواج پر الزام عائد کیا کہ وہ مشرقی علاقے میں لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیز اقدامات کر رہا ہے، جس سے روس کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے اور صورتحال کی سنگینی میں شدت پیدا ہورہی ہے.
تاہم یوکرین کے فوجی سربراہ رسلان ہومچک نے یوکرین کی جانب سے مشرقی علاقے میں کسی حملے کی تیاریوں کے روسی دعووں کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا ہے کہ یہ غلط معلومات پھیلانے کی ایک مہم ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں