شاہدخاقان عباسی نے جہانگیرترین کے عشائیے کو وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد قراردیدیا

اسلام آباد(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جہانگیرترین کے عشائیے کو وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد قراردیا ہے. انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کرسی جہانگیر ترین کے ہاتھ میں ہے جہانگیر ترین کے عشائیے میں46ارکان اسمبلی کی شرکت حکومت کے خلاف عدم اعتماد ہے.
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وفاقی حکومت7 ارکان کی برتری پر قائم ہے، عمران خان کی کرسی جہانگیر ترین کے ہاتھ میں ہے‘سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں سرکس لگا ہوا ہے، جہاں ہر روز ایک نیا تماشہ ہوتا ہے مگر یہ بھی یاد رکھیں کہ سرکس کا ہنٹر ہمیشہ مالک کے پاس ہی ہوتا ہے، حکومت جواب دے وہ کیا کررہی ہے؟.
شاہد خاقان عباسی نے ایک بر پھر نیب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے ثابت ہوچکا کہ نیب عوام کے نمائندوں کی آواز دبانے کا سیاسی ادارہ ہے انہوں نے کہاکہ ہر روز ملک میں پیٹرول اور بجلی مہنگی ہو جاتی ہے ہر دوسرے دن نیا ٹیکس لگادیا جاتاہے یہ کسی کو نہیں پتہ ملک کا وزیرخزانہ کون ہے؟. شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پر ان کے اپنے ہی اراکین کو اعتماد نہیں ہے انہوں نے کہا کہ حکومت نام کی کوئی چیز نہیں جب تک ملکی نظام آئین کے تحت نہیں چلے گا ملک ترقی نہیں کرسکتا.
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت گرانے سے کچھ نہیں ہوتا جہانگیر ترین پر سیاسی مقدمات بنائے گئے کوئی بھی تحریک اصولوں کے بغیر نہیں چل سکتی. انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا چھٹا چیئرمین آگیا ہے کسی کو نہیں معلوم ملک کا وزیر خزانہ کون ہے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ بجلی کا بل 2 ہزار سے بڑھ کر 5 ہزار پر پہنچ گیا ہے جہانگیر ترین کے ساتھ 40 سے زیادہ حکومتی لوگ تھے.
خیال رہے کہ پچھلے دنوں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں 29 اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے شرکت کی تھی. سیاسی مبصرین کے مطابق جہانگیر خان ترین نے اس طرح اپنا پاور شو کیا کیونکہ ان کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں ایک ایسے وقت میں تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی شریک ہوئے ہیں کہ جب ان کی پارتی قیادت سے ناراضگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی ہے. ایف آئی اے کی جانب سے جہانگیر خان ترین اوران کے خاندان کے بینک اکاﺅنٹس بھی منجمد کیے گئے ہیں ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں 8اراکین قومی اسمبلی، دو صوبائی وزرا اور چار صوبائی مشیران سمیت 21 اراکین پنجاب اسمبلی نے شرکت کی تھی.

اپنا تبصرہ بھیجیں