ملکہ برطانیہ کے شوہر ڈیوک آف ایڈنبرا شہزادہ فلپ انتقال کرگئے

لندن( برطانوی میڈیا ،خالدعلی بیوروچیف حالات لندن ) ملکہ برطانیہ کے شوہر ڈیوک آف ایڈنبرا شہزادہ فلپ انتقال کرگئے۔ اُن کی عمر 99 برس تھی۔ بکنگھم پیلس کے مطابق شہزاد فلپ کچھ دنوں سے بیمار تھے۔

شہزادہ فلپس زائد العمری کی وجہ سے 2017 سے شاہی ذمہ داریوں سے ریٹائرڈ ہوگئے تھے۔

شہزادہ فلپ کے انتقال کے بعد برطانیہ کی اہم عمارتوں پر پرچم کو سرنگوں کردیا گیا۔ جبکہ ڈیوک آف ایڈنبرا کی موت پر دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔

بیکنگھم پیلس کی جانب سے جاری بیان میں ملکہ کی جانب سے انتہائی دکھ کے ساتھ ان کے شوہر پرنس فلپ، ڈیوک آف ایڈنبرا کی موت کا اعلان کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پرنس فلپ جمعہ کی صبح ونڈسر کاسل میں انتقال کرگے۔

پرنس فلپ دل کے عارضہ میں مبتلا تھے، انہیں 16 فروری کو کنگ ایڈورڈ اسپتال لندن میں داخل کرایا گیا تھا۔

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے شہزادہ فلپ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لاتعداد نوجوانوں کے لیے ایک مثال تھے۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شہزادہ فلپ نے شہزادی الزبتھ سے 1947 میں ان کے ملکہ بننے سے تقریباً 5 سال قبل شادی کی تھی، برطانیہ کی تاریخ کا سب سے زیادہ عرصے تک قائم رہنے والا شاہی جوڑا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ملکہ برطانیہ اور پرنس فلپ کے 4 بچے، 8 گرینڈ چلڈرن اور 10 گریٹ گرینڈ چلڈرن ہیں۔

پرنس فلپ، ملکہ برطانیہ کے اندرون اور بیرون ملک دوروں میں ہمراہ رہتے تھے، انہوں نےاکیلے بھی تقریباً 20 ہزار تقریبات میں شاہی خاندان کی نمائندگی کی۔

انہوں نے 18 برس کی عمر میں رائل نیوی میں شمولیت اختیار کی اور دوسری عالمی جنگ میں بھی حصہ لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں