تحریک لبیک کے مطالبات کی قرارداد عید سے پہلے پارلیمنٹ میں لانے کا فیصلہ

اسلام اباد (جنرل رپورٹر) حکومت نے تحریک لبیک کے مطالبات کی قرارداد عید سے پہلے پارلیمنٹ میں لانے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے تحریک لبیک کے مطالبات کی قرارداد عید سے پہلے پارلیمنٹ میں لانے کا فیصلہ کیا ہے ، یہ فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا ، اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری نے بھی شرکت کی ، اجلاس میں تحریک لبیک کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر عمل کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ تحریک لبیک کے ساتھ حکومت کے معاہدے پر عمل درآمد کے لیے بنائی گئی خصوصی کمیٹی اس حوالے سے دیگر جماعتوں کے ساتھ بات چیت کرے گی۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے مابین معاملات طے پانے کے بعد ٹی ایل پی نے ڈیڈ لائن کی تاریخ تبدیل کردی تھی ٹی ایل پی نے ڈیڈ لائن فروری سے بڑھا کر اپریل کر دی تھی ، اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان ایک انٹرویو میں بتایا کہ ہماری ٹیم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے ، ٹی ایل پی کے ساتھ حکومت کا معاہدہ ہوا ہے ، ٹی ایل پی نے ڈیڈ لائن فروری سے بڑھا کر 20 اپریل کر دی ہے ، 20 اپریل کے بعد ٹی ایل پی کے مطالبات پارلیمنٹ میں رکھیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں ٹی ایل پی اور اپنے ملک کے لوگوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ ہماری حکومت سے قبل کسی نے محمد ﷺ کی شان کے لیے واضح مؤقف نہیں اپنایا ، فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ ہماری حکموت نے عالمی سطح پر واضح مؤقف اپنایا۔ نبی ﷺ کی شان سے متعلق مؤقف ووٹ کے لیے نہیں لیا ، یہ میرا عقیدہ ہے ، مغربی ممالک میں نبی ﷺ کی شان میں گستاخی پلان کے تحت ہوتی ہے ، مغربی ممالک میں بیٹھے فتنے کو سمجھ نہیں آتی کہ ہمارا عقیدہ کیا ہے ، میں نے یہ معاملہ او آئی سی اور یو این میں بار بار اُٹھایا ہے جب کہ دیگر مسلم ممالک کی جانب سے اب رد عمل آ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں