اعتماد کے ووٹ میں اہم ترین کردار جہانگیر ترین کا ہے: راجہ ریاض

اعتماد کے ووٹ میں اہم ترین کردار جہانگیر ترین کا ہے: راجہ ریاض

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ خان صاحب کے اعتماد کا ووٹ لینے میں سب سے اہم کردار جہانگیر ترین کا ہے۔

جہانگیر ترین سے اظہارِ یک جہتی کے لیے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما راجہ ریاض ان کے ہمراہ لاہور کی بینکنگ کورٹ پہنچے، جہاں سے جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے کی عبوری ضمانت میں توسیع کے بعد انہوں نے بھی میڈیا سے گفتگو کی۔

راجہ ریاض نے مطالبہ کیا کہ خان صاحب! اپنے بہترین اور جاں نثار دوست کے خلاف زیادتی بند کرائیں، اس کا نقصان تحریکِ انصاف کو پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی حکومت جہانگیر ترین نے بنائی، عمران خان کے اعتماد کے ووٹ لینے میں سب سے زیادہ کردار جہانگیر ترین کا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان کے ارد گرد کے لوگ جہانگیر ترین کے خلاف سازش کر رہے ہیں، وزیرِ اعظم کو ان کے خلاف ایکشن لینا چاہیئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم جہانگیر ترین کے ساتھ ہیں، ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے، عمران خان اپنے بہترین اور جاں نثار دوست سے ظلم و زیادتی بند کرائیں۔

راجہ ریاض نے یہ بھی کہا کہ جہانگیر ترین کا دامن صاف ہے، انہوں نے ایک پیسے کی کرپشن نہیں کی، مگر ان کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، وزیرِ اعظم عمران خان کو اس صورتِ حال کا نوٹس لینا چاہیئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں